
گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی جانب سے مال بردار کنٹینر اور اس کے عملے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کنٹینر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا، جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق، سندھ کے اندرون علاقوں میں کچے کے خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گھوٹکی میں ایم فائیو موٹر وے پر رونتی نیک موڑ کے قریب بچو بند کے راستے سے ڈاکوؤں نے ایک مال بردار کنٹینر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان رینجرز سندھ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ 7 سے 8 مسلح ملزمان ایک بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
جیسے ہی ڈاکوؤں نے کنٹینر کو روکا اور عملے کو اغوا کرنے کی کوشش کی، رینجرز اور پولیس کی پٹرولنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈاکوؤں نے سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں کنٹینر کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔ تاہم، رینجرز اور پولیس کی جوابی کارروائی کے باعث مسلح ملزمان کنٹینر اور عملے کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی ڈرائیور اور دیگر عملے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں چھپے جرائم پیشہ افراد اور انہیں پناہ دینے والے بااثر عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ قانون کی گرفت سے بچنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گی تاکہ شاہراہوں پر مسافروں اور تجارتی قافلوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
- Featured Thumbs
- https://i.brecorder.com/large/2024/11/672ecfadaa2ce.jpg