
اسلام آباد: سینئر سیاستدان اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکیوں پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "پانی بھارت کا باپ بھی بند نہیں کرسکتا، یہ کوئی ٹونٹی (نلکا) نہیں ہے کہ جب چاہا بند کردیا۔" انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ ہوئی تو یہ صرف پاکستان اور بھارت کی نہیں، بلکہ پورے خطے کو لپیٹ میں لے لے گی۔
نجی ٹی وی چینل "آج نیوز" کے پروگرام "روبرو" میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ہم دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نہایت مضبوط اور ایئر فورس دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی ہے۔
فیصل واوڈا نے بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے شور کیا، ہم نے عمل کرکے دکھایا۔ "آج کے فیصلے پر بہت خوشی ہوئی۔ بھارت کو یاد ہونا چاہیے کہ ہم نے ان کے پائلٹ ابھی نندن کو چائے پلا کر واپس بھیجا تھا، ہماری شرافت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔"
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض دو ملکوں کا معاہدہ نہیں بلکہ اس میں عالمی بینک جیسا ادارہ بھی شامل ہے۔ اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ معاہدہ ختم نہیں ہوگا بلکہ عالمی برادری کی مداخلت بھی لازم ہو جائے گی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ "ہمارے پڑوسی مضبوط ہیں، ہمارے ساتھ سپر پاورز کھڑی ہیں، پاکستان دنیا کی مجبوری ہے، ہمیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔"
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، دشمنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کی اندرونی کشیدگی پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت ایم کیو ایم جیسی صورتحال کا شکار ہو چکی ہے، ہر کوئی ایک دوسرے کو گالیاں دے رہا ہے، اور بانی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
واوڈا نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ قومی مفاد اور سلامتی کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے، کیونکہ اندرونی خلفشار ملک دشمنوں کے لیے موقع پیدا کرتا ہے۔