
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے لیے دفاعی اخراجات میں 159 ارب روپے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد آئندہ سال کا مجموعی دفاعی بجٹ 2 ہزار 281 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں دفاعی اخراجات میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 7.49 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ مالی سال 2024-25 کے لیے حکومت نے 2 ہزار 122 ارب روپے کا دفاعی بجٹ مختص کیا تھا، جو کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کے 1 ہزار 858 ارب 80 کروڑ روپے سے 14.16 فیصد زیادہ تھا۔ رواں سال کے دوران دفاعی اخراجات میں 263 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ اب آئندہ مالی سال کے لیے مزید 159 ارب روپے اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز، مسلح افواج کے افسران و جوانوں کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں متوقع اضافے، اور جدید عسکری سازوسامان کی خریداری کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔