جیسن گیلسپی اور پی سی بی کے درمیان مالی تنازع:آئی سی سی سےمداخلت کی درخواست

screenshot_1745336287730.png

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گیلسپی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رجوع کر لیا ہے۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، جیسن گیلسپی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان مالی تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے، جو گزشتہ سال دسمبر میں گیلسپی کے عہدہ چھوڑنے کے بعد سامنے آیا۔


گیلسپی نے پی سی بی پر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اب تک مکمل ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بورڈ پر وعدہ خلافی کا الزام لگایا، خاص طور پر ان بونسز کا جو انہیں اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے اور نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر دیے جانے تھے۔


ای ایس پی این کرک انفو کے ذرائع کے مطابق، گیلسپی نے پی سی بی سے اپنے واجبات کی ادائیگی کے لیے رابطہ کیا، اور ان میں وہ بونس بھی شامل ہیں جو ان سے وعدہ کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ، گیلسپی نے یہ معاملہ آئی سی سی کے سامنے بھی اٹھایا ہے، لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آئی سی سی اس تنازع میں مداخلت کر سکتا ہے یا نہیں۔


گیلسپی کا کہنا ہے کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے مالی معاوضے کے حوالے سے تحریری یقین دہانیاں دی گئی تھیں، جو تاحال پوری نہیں ہو سکیں۔


یاد رہے کہ جیسن گیلسپی نے اکتوبر 2024 میں پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی، مگر دسمبر میں جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے پر وہ پی سی بی سے ناراض ہو گئے اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔


بعد ازاں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے عاقب جاوید کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا تھا۔


پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں وضاحت کی گئی کہ جیسن گیلسپی نے معاہدے کے تحت مطلوبہ 4 ماہ کا نوٹس بورڈ کو نہیں دیا، جس کے بعد پی سی بی نے ان کے ساتھ سیٹلمنٹ کے لیے رابطہ کیا تھا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ چونکہ گیلسپی نے خود عہدہ چھوڑا تھا، انہیں 4 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم بورڈ کو ادا کرنی ہے، اور اگر بورڈ گیلسپی کو برطرف کرتا تو وہ انہیں یہ رقم ادا کرتا۔


اس کے باوجود، یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ پی سی بی گیلسپی سے نوٹس پیریڈ کے بغیر استعفیٰ دینے پر ہرجانے کا مطالبہ کرے گا یا نہیں، مگر بورڈ اس آپشن پر غور کر رہا ہے۔ فی الحال پی سی بی کا موقف ہے کہ وہ گیلسپی کے کسی بھی بقایاجات کا مقروض نہیں ہے۔
 

Back
Top