پی ٹی آئی سول سپرمیسی کے ڈرامے سے باہر آئے،سعدرفیق،گورنر راج کا بھی عندیہ

8saadrafiqjkjksjdhjhd.png

سابق وفاقی وزیر اور رہنما ن لیگ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاق پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو وفاق کے پاس گورنر راج کا آپشن موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے کے حالیہ بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا بہتر ہے علی امین گنڈاپور ایسی حماقت نا کریں۔


پی ٹی آئی کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شوق سے فوجی قیادت سے بات کرے، مگر اس سے پہلے وہ سول سپرمیسی کے ڈرامے سے باہر آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا یہ وطیرہ ہے کہ وہ ایک ہاتھ گریبان پر اور دوسرا پیروں پررکھتے ہیں، ملکی سیاست میں سنجیدگی آنی چاہیے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے کوششیں کررہے ہیں، ہمیں قرض نہیں سرمایہ کاری چاہیے، ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے محنت کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے، اس وقت معاشی بگاڑ بہت بڑا ہے اور ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے، مگر ہم مایوس نہیں ہوں گے اور پاکستان کو پرامن، محفوظ اور مستحکم بنائیں گے، نئی نسل کو مستحکم پاکستان دینا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد کی گئی پی ٹی آئی کے 28ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمارا پورا حق ملنا چاہیے، اگر ہمیں حق نا ملا تو پہلے حکومت گرائیں گے اورپھر اس بار اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے، اور یہ مذاکرات بہت جلد ہوں گے۔