اسکاٹ لینڈ:پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے استعفیٰ کیوں دیدیا؟


hamzh1i11h.jpg

اسکاٹ لینڈ میں پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹرحمزہ یوسف نے عہدہ سنبھالنے کے ایک سال بعد استعفیٰ دیدیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی نیشنل پارٹی کے رہنما حمزہ یوسف نے اپنی سرکاری رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسی جگہ سے استعفے کا اعلان کررہا ہوں جہاں سے اسکائش گرینز کے ساتھ اتحاد کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے نزدیک یہ فیصلہ ملک اور جماعت کیلئے بہتر تھا ، تاہم اس معاہدے کو ختم کرنے سے میں گرینز پارٹی کے رہنماؤں کو پہنچنے والی تکلیف اور غصے کو پہلے بھانپنے میں ناکام رہا ہوں۔

حمزہ یوسف نے کہا کہ میرے لیے ممکن تھا کہ میں اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے سمجھوتا کرلیتا مگر میں اقتدار میں رہنے کیلئے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اسی لیے میں نے ایسا نا کرنے کا فیصلہ کیا، میرے لیے اس ملک کا وزیراعظم بننا اتنے فخر کی بات ہے کہ میں آپ کو بتانہیں سکتے، میں اس ملک سے بہت محبت کرتا ہوں، اس ملک میں اپنے بچوں کی پرورش کررہا ہوں اور یہی وہ ملک ہےجسے میں اپنا گھر کہتا ہوں۔

پاکستانی نژاد اسکائش سیاستدان نے کہا کہ بطور نوجوان کبھی بھی اس ملک کی قیادت کرنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، میری طرح نظر آنے والے لوگ سیاسی عہدوں پر نہیں تھے۔

خیال رہے کہ حمزہ یوسف ے گزشتہ ہفتے سکائش نیشنل پارٹی اور سکائش گرینز کے ساتھ حکومتی اتحاد کا خاتمہ کردیا تھا، جس کے بعد حمزہ یوسف کو اس وقت حکومت میں اپنے سابقہ شراکت داروں کی طرف سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔