پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے عمران خان کو چھڑاونے کیلئے جیل پر حملے کی تیاری کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا اور کہا کہ آپ تو ایسے زور آور لوگ ہیں کہ آپ کو کوئی بھی نہیں روک سکتا، آپ تو عمران خان کو چھڑوانے کیلئے جیل پر حملہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار الیکشن میں آپ کے اور دوسرے لوگوں کے حق میں بھی نتائج آئے ہیں، 2018 میں تو مجھے تین دن تک آر او آفس میں حبس بے جا میں رکھا گیا، مگر ہم نے اس ہاؤس کے تقدس کو برقرار رکھا، ہم ساری ساری رات آپ کے دفتر کے باہر بیٹھے رہتے تھے اور آپ پروڈکشن آرڈر جاری کیے بغیر پچھلے دروازے سے نکل جاتے تھے، پچھلے دور کی اسمبلی کا کورم کیسے پورا ہوتا تھا سب کو علم ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے نئے چیئرمین پی ٹی آئی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین یہ پی ٹی آئی کے ہیں اور سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے ہیں، یہ تو ایسا الجبرا کا سوال ہےجس میں کوئی بھی طالب علم شامل ہوجائے گا، ہر ایجنسی اور طاقتور ادارے نے تو آپ کو ماضی میں کورم پورے کرکے دیئے ہیں۔