رہنما تحریک انصاف شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی تقریر سیاسی بیان ہے، اس کو سنجیدگی سے نا لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنی ہی جماعت کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد قبضے کی دھمکی پرردعمل دیدیا ہے۔
پبلک نیوز کے پروگرام"ریاست اور عوام" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے علی امین گنڈاپور کی دھمکی سےمتعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ سیاسی تقریریں ہوتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا،علی امین گنڈاپور ایک سیاسی ورکر ہیں،انہوں نے جو بیان دیا وہ ایک سیاسی تقریر ہےجو ورکرز کو ہمت دلانے کیلئے کی گئی۔
انہوں نےمزید کہا کہ پی ٹی آئی بہت مشکل دور سے گزری ہے، اس دور میں ورکرز پر ظلم، جبر و تشدد کے متعدد واقعات پیش آئے، اس صورتحال میں ورکرز کو ہمت دینے کیلئے ایسی باتیں
کی جاتی ہیں، یہ درست ہے کہ اس قسم کی باتیں کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے، مگر ایسی باتوں کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہوتا کہ واقعی ہی اسلام آباد پر قبضہ کرلیا جائے گا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہماری ایک طویل سیاسی جدوجہد ہے، اسی جدوجہد کے تحت ہم آگے بڑھ رہے ہیں، ہمارا نظریہ بالکل واضح ہے کہ ملک میں رول آف لاء ہو،آئین وقانون کی بالادستی ہو،پارلیمنٹ وانسانی حقوق کی بالادستی ہو، عمران خان کی اسی جدوجہد کی وجہ سے پاکستانی عوام کو سیاسی شعور و آگاہی آگئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد کی گئی پی ٹی آئی کے 28ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمارا پورا حق ملنا چاہیے، اگر ہمیں حق نا ملا تو پہلے حکومت گرائیں گے اورپھر اس بار اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلط کرنے والے بھی جانتے ہیں کہ وہ ٹھیک نہیں کررہے، ابھی بھی وقت ہے، یہ لوگ اصلاح کرلیں اور ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش نا کریں، کیونکہ اگر ہم نے جواب دیا تو اس میں بھی ہمارا نقصان ہے اور جواب نا دیا تب بھی ہمیں ہی خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔