الیکشن کمیشن :سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین معطل

battery low

Minister (2k+ posts)
الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کو معطل کر دیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ندیم حیدر نے نوٹی فکیشن کیا جس کے مطابق سندھ اسمبلی سے پی پی کی سمیتہ افضال سید اور ایم کیوایم کی مسرت جبیں بھی معطل ہوگئیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 8 خواتین اراکین، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 11 خواتین اراکین، قومی اسمبلی میں 3 اقلیتی نشستوں کے اراکین معطل ہوگئیں۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21 ، اسی صوبے سے اقلیتوں کے 4 اراکین معطل ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ 6 مئی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے تھے کہ سیاسی جماعتیں اپنے تناسب سے تو نشستیں لے سکتی ہیں باقی نشستیں انہیں کیسے مل سکتی ہیں؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جو کام ڈائر یکٹ نہیں کیا جاسکتا وہ ان ڈائریکٹ بھی نہیں ہوسکتا۔

فیصلے کے بعد چیئرمین تحریک اںصاف بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ دیگرجماعتوں کو دی جانےوالی مخصوص نشستیں سنی اتحادکونسل کا حق تھا، ہماری اٹھہتر مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دی گئیں۔

بعدازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنا مینڈیٹ واپس لینے کیلئے یہ اعتراف کرلینا چاہئیے کہ الیکشن والے دن بہت بڑی فاش غلطی ہوئی، اس غلطی کا ازالہ یہ ہے کہ تمام جماعتیں، فریقین اور مقتدرہ بیٹھیں اور کہیں کہ غلطی ہوگئی ہے۔

Source