نیٹ میٹرنگ کو گراس میٹرنگ میں تبدیل کرنے کا معاملہ، وزیر توانائی کی وضاحت

16awaislelelnetmtrrk.png

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کو گراس میٹرنگ میں تبدیل کرنے سے متعلق آئی ایم ایف کی شرط کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے نیٹ میٹرنگ کو گراس میٹرنگ میں تبدیل کرنے کی کوئی شرط نہیں رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال کے مقابلے میں اس وقت پانچ کلو واٹ کے سسٹم کی قیمت انتہائی کم ہوگئی ہے، اس صورتحال میں سولر سسٹم پر آنے والی لاگت کی ریکوری بہت ہی قلیل مدت میں ہوجاتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں پر سرمایہ کاری کی جائے۔


وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کے عوامل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں چوری اور مافیاز چل رہے ہیں اور اسی وجہ سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے تک کا فرق آجاتا ہے، اس کے علاوہ ٹرانسمیشن سسٹم کی کمزوری کی وجہ سے بھی فی یونٹ ریٹ میں 2 سے 3 روپے اضافہ ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کچھ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی خواہاں ہے اور اس سے قیمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔