راولپنڈی پولیس نے گلگت بلتستان کے وزیرتعلیم کی چوری ہونے والی سرکاری گاڑی برآمد کرلی ہے اور 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے سے مارچ کے مہینے میں چوری ہونے والی گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا کی سرکاری گاڑی برآمد کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق غلام شہزاد آغا کی سرکاری ڈبل کیبن ویگو گاڑی کے علاوہ ملزمان سے مجموعی طور پر 7 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔
نیو ٹاؤن تھانے کی پولیس کے مطابق چوری شدہ گاڑیاں برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس نے دو کار لفٹرز کو بھی گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کی شناخت طارق اور یاسر کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی سے گاڑیاں پشاور، چارسدہ اور لنڈی کوتل سے برآمد کی گئی ہیں۔