پولیس کا صوبائی سرحد پر کچے کے علاقے میں آپریشن، 2 ڈاکو ہلاک

dak1u1h11h.jpg


پنجاب پولیس نے سندھ و پنجاب کی صوبائی سرحد کے کچے کے علاقے میں آپریشن کیا ہے، اس آپریشن میں 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ 7 ڈاکو زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) رضوان گوندل نے آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ و پنجاب کے کچے کے سرحدی علاقے میں پولیس نے آپریشن کیا ہے، آپریشن میں ڈاکو نذیر شر اور عالم شر کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن میں ڈاکو مٹھا شر سمیت 7 ڈاکوؤں کو زخمی کیا گیا، کچے کے مختلف مقامات پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ابھی بھی مقابلہ جاری ہے، آپریشن میں گھوٹکی او راجن پور پولیس کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ صادق آباد، ماچھکہ، کوٹ سبزل اور بھونگ کی پولیس نفری بھی آپریشن میں شامل ہے، جبکہ بگٹی قبیلے کے رضاکار بھی اس آپریشن میں پولیس کے ہمراہ ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1787049846576214373
دوسری جانب آئی جی پنجاب عثمان انور نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پولیس سے تعاون کررہی ہے، سندھ پولیس نے بھی ہمارا زبردست ساتھ دیا، آپریشن کے دوران اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

رضاکاروں کی آپریشن میں شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آپریشن میں رضاکار شامل نہیں کیے جاتے تاہم وہ انٹیلی جنس معلومات دیتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انفارمرز کے طور پر مدد کرتے ہیں۔