خبریں

بورے والا کے علاقے مجاہد کالونی میں خاتون کے ساتھ پیش آیا دل دہلادینے والا واقعہ،سابقہ شوہر نے خاتون سے زیادتی کے بعد تیزاب پھینکا اور بھاگ گیا، خاتون تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں،خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا سابق شوہر چند روز قتل دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا لیکن بعد میں رشوت لے کر چھوڑ دیا،متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ پولیس کی گرفتاری اور بعد میں چھوڑے جانے کے بعد سابقہ شوہر ایک بار پھر رات گئے دیوار پھلانگ کر گھر داخل ہوا، اورزیادتی کی اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا، جب کہ گرفتاری پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے مجھ پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔ ادھرٹنڈوالہٰ یار میں نجی اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت نے حاملہ خاتون اور بچے کی جان لے لی، اتنا ہی نہیں انتظامیہ نے اتنی بے حسی دکھائی کہ واقعے کے بعد اسپتال کے ڈاکٹر اور عملہ اسپتال چھوڑ کر بھاگ گئے، گوٹھ جمعہ خان لوند کے رہائشی عرفان کیلئے بیوی روح زہرہ کو ڈیلیوری کے لیے ٹنڈو الہٰ یار کے نجی اسپتال میں داخل کروانا جرم بن گیا،ڈاکٹر اور عملے کی مبینہ غفلت نے حاملہ خاتون کی بچے سمیت زندگی چھین لی۔ خاتون کے ورثا نے سراپا احتجاج ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ احتجاج کا سن کر ڈاکٹرز اور عملہ فرار ہوگیا،پولیس نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرادی،جس کے بعد ورثا نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس کے حوالے کر دی،پوسٹ مارٹم کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی ڈاکٹرز اور عملے کی غفلت کئی زندگیاں نگل گئی ہے،گزشتہ ماہ لودھراں میں جلالپور موڑ کے قریب نجی اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے خاتون انتقال کر گئی تھی، خاتون کے انتقال پر لواحقین نے ڈاکٹر اور اسپتال عملے کیخلاف احتجاج کیا تھا اس واقعے کے بعد بھی نجی اسپتال کا ڈاکٹر اور عملہ فرار ہو گیا تھا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق زمان پارک لاہور میں واقع ایک گھر کے پتے پر 2 گھر موجود ہیں۔ جس کے سے منسوب لاک گیٹ اور ہاک فیلڈ نامی دو آف شور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ جب تحقیقات کی گئیں تو یہ بات سامنے آئی کہ زمان پارک میں ایک ہی پتے کے دو مکان موجود ہیں جن میں سے ایک وزیر اعظم عمران خان کے نام پر ہے جب کہ دوسرا مکان فریدالدین نامی شخص کی ملکیت ہے۔ یہ آف شور کمپنیاں بھی فریدالدین کی ملکیت ہیں تاہم ایڈریس ایک ہی ہونے کی وجہ سے کنفیوژن پیدا ہوئی۔ فریدالدین کا کہنا ہے کہ اس نے لاک گیٹ نامی آف شور کمپنی 2008 میں بنائی تھی جب کہ ہاک فیلڈ لمیٹڈ کمپنی اس نے اپنے دوست کے نام پر قائم کی تھی جو کہ برطانیہ میں مقیم ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی بےنامی اکاونٹ نہیں، ماضی میں ایک آف شور کمپنی استعمال کی گئی جو عدالت میں بتا چکے ہیں، وزیراعظم سے پوچھا انہوں نے کہا کہ میرا کوئی رشتہ دار فریدالدین نہیں۔ معاون خصوصی برائے سیاسی روابط نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا فریدالدین سے براہ راست کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم کے کسی دوست یا ملازم کا نام بھی فرید الدین نہیں، سپریم کورٹ وزیراعظم عمران خان کو صادق اور امین قراردے چکی ہے، ہم ان لوگوں کی طرح نہیں جن سے سوال پوچھیں تو کہتے ہیں پتہ نہیں۔ یاد رہے کہ یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انٹرنیشنل کنسورشیم آف جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) پاناما سے بھی بڑا سکینڈل بریک کرنے جا رہا ہے۔ "پینڈورا پیپرز" نامی یہ سکینڈل اتوار کی رات کو ساڑھے نو بجے منظر عام پر آئے گا۔ پینڈورا پیپرز میں 117 ممالک کے 150 میڈیا اداروں کے 600 سے زائد صحافیوں نے حصہ لیا اور دو سال تک ایک کروڑ 19 لاکھ دستاویزات کی تحقیقات کیں۔
وزیراعظم عمران خان کے گھر کے پتے سے ملتے جلتے ایڈریس پر 2 آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مخصوص طبقے کی جانب سے ان آف شور کمپنیوں کو وزیراعظم عمران خان سے جوڑنے کی کوشش کمپنیوں کے مالک نے خود سامنے آ کر ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق آف شورکمپنیز کے ڈیٹابیس میں مزید2 آف شورکمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے، ہاک فیلڈ لمیٹڈ اور لاک گیٹ انویسٹمنٹ نامی کمپنیاں سی شیلز میں رجسٹرڈ ہیں جن کے ایڈریس لاہور کے زمان پارک کے پتے پر درج ہیں جبکہ ایڈریس وزیراعظم عمران خان کی لاہور کی زمان پارک کی رہائش گاہ سے ملتا جلتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دونوں آف شورکمپنیاں فریدالدین اوراس کےدوست کےنام پردرج ہیں، کمپنی اور عمران خان کے گھر کے پتے میں یکسانیت ضرور ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کا کمپنیوں سےتعلق نہیں ہے۔ آف شورکمپنیوں کے مالک فریدالدین نے بتایا کہ لاک گیٹ نامی آف شورکمپنی 2008 میں بنائی تھی جبکہ ہاک فیلڈ لمیٹڈنامی کمپنی دوست کےنام پربنائی۔ انہوں نے بتایا کہ ’میرا اور عمران خان کا برکی برادری سے تعلق ہے اورملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، عمران خان سے وزیراعظم بننےکے بعد ملاقات نہیں ہوئی، آف شورکمپنی میری ہے اور اس کا وزیراعظم عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ زمان پارک میں3گھرایسےہیں جن کا ایڈریس ایک ہی ہے، لاک گیٹ انویسٹمنٹ نامی آف شورکمپنی میری تھی۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) آف شورکمپنیاں رکھنے والے کئی پاکستانیوں کا ریکارڈ موجود ہے اور کئی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافے سے صارفین پریشان، ایل پی جی ڈیلرز نالاں، سلنڈر ڈیلرز نے حکومت سے ایک ہفتے میں قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈیلرز نے اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے ایک ہفتے میں قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کر دیا، ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مقررہ مدت گزرنے کے بعد غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے جانے کا بھی اعلان کر دیا۔ ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق خان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں غیرمنصفانہ اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے یہ سستا متبادل ایندھن دیگر تمام پیٹرولیم مصنوعات بشمول سی این جی کے مقابلے میں زیادہ مہنگا ہوگیا ہے، قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایل پی جی غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے، ایل پی جی کی قیمت فی کلوگرام 200 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے ایل پی جی کی فروخت میں بھی 60 سے 70 فیصد کمی ہوئی ہے۔ محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ ملک میں ایل پی جی کی پیداواری لاگت انتہائی کم ہے لیکن اس کے باوجود اوگرا سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس کے مطابق ہر ماہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کر رہی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈیلر نے حکومت سے قیمتوں کی پالیسی پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کی شرح میں کمی کے لیے ایل پی جی کی سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس اور مقامی پیداواری قیمت کو یکجا کرکے درمیانی قیمت کا تعین کرسکتے ہیں جب کہ درآمدی لاگت میں کمی کے لیے ایل پی جی عائد پیٹرولئیم ڈیولپمنٹ لیوی سمیت دیگر ٹیکسوں کی وصولیاں عارضی طور پر معطل کرسکتے ہیں۔ محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ اوگرا نے بھی صرف کنٹریکٹ پرائس بڑھتے ہی اسی تناسب سے نئی قیمت اور ٹیکسوں کا تعین کرڈالتی ہے حالانکہ اس قومی ادارے کو عوام کی قوت خرید کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت کا تعین کرنا چاہیئے، قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ناصرف ڈیلرز کا کاروبار تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا ہے بلکہ ایل پی جی پاکستان کا مہنگا ترین ایندھن بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ماہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمت 29 روپے اضافے کے بعد 203 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا ہوا ہے، 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2304 روپے مقرر کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کی مسلم کانفرنس کے اہم رہنما اور سابق مشیر حکومت راجہ آفتاب اکرم نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 5 چڑھوئی میں ہونے والے ضمنی انتخابات جیتنے کے لئے متحرک، پی ٹی آئی نے مسلم کانفرنس کی بڑی وکٹ اڑا دی ہے، سابق مشیر راجہ آفتاب نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔ راجہ آفتاب نے شمولیت کا اعلان آزادکشمیر پی ٹی آئی کے صدر اور ریاست کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار الیاس نے کہا کہ آزادکشمیرکے2حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونےجارہےہیں، میرپور میں پی ٹی آئی کے امیدوار یاسر کی پوزیشن بہت مضبوط ہے۔ چڑھوئی کےحلقےمیں ہمارے 2 کارکنان نے جان دی، کارکنان نےالیکشن چوری کرنےکا راستہ روکنے کی کوشش کی، تحریک انصاف کارکنان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔ سردار الیاس نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ہر طرف صرف تحریک انصاف ہی موجود ہے، اللہ کے فضل سے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی۔
شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، شہدا میں ایف سی کے 4 جوان اور ایک لیویز سب انسپکٹر شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے 35 سالہ حوالدار زاہد کا تعلق چارسدہ سے ہے جبکہ 28 سالہ لانس نائیک ولی کا تعلق خیبر پختونخواہ سے تھا، 28 سالہ لانس نائیک عبدالمجید کا تعلق کرم ایجنسی اور 38 سالہ سب انسپکٹر جاوید سپن وام کے رہائشی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی جانب سے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے اور علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 15 ستمبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
پنجاب بھر میں پیپر لیس ڈرائیونگ لائسنس سسٹم لانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں،آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب جنرل سہیل اختر سکھیرا نے اعلان کیا کہ راولپنڈی میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پیپر لیس ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کو پنجاب کے دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپر لیس ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کا اگلا مرحلہ فیصل آباد میں ہوگا،جس کا مقصد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی تمام تر سہولیات ایک ساتھ فراہم کرنا ہے،جو شہری ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں اب صرف اپنے شناختی کارڈ ساتھ لانے ہوں گے جس کے بعد انہیں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے پیپر لیس ڈرائیونگ لائسنس سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی سکھیرا نے واضح کیا کہ درخواست دہندگان کو لائسنس کے حصول کیلئے پرانے طریقہ کار پر عمل نہیں کرنا ہوگا،پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنسز اب بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر نہیں بن سکتے۔ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول شفاف بنانے کے لئےبائیومیٹرک سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے،لرننگ، میڈیکل، لائسنس کے ٹیسٹ مراحل میں بائیو میٹرک تصدیق ہو گی،پولیس حکام کا کہناتھا کہ لائسنسگ سنٹرز اور خدمت مراکز کو نادرا اور سی آر او برانچ سے منسلک کیا گیا ہے۔
امریکا کا پاکستان سے ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ سامنے آگیا، امریکی نائب وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام عسکریت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کرے، نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سات اور آٹھ اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرینگی اس دوران وہ اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گی۔ دورہ پاکستان سے قبل اے ایف پی سے گفتگو میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مضبوط شراکت چاہتے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ پاکستان بغیر کسی فرق کے تمام عسکریت پسند اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ وینڈی شرمین کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نقصان اٹھایا،امریکا تمام علاقائی اور عالمی خطرات کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے،وینڈی شرمین اس وقت سوئٹرزلینڈ میں موجود ہیں،اپنے اس دورے میں وہ بھارت اور ازبکستان کا دورہ بھی کریں گی۔ وزیراعظم عمران خان افغانستان میں ہمیشہ سے امریکی فوجی کارروائیوں کے مخالف رہے ہیں، ترک میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے پرامریکا صدمے سے دوچار ہے بدقسمتی سے قربانی کا بکرا پاکستان کو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، دیریا بدیر امریکا کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم نے خدشہ ظاہر کیا اس وقت افغانستان میں انسانی بحران کا مسئلہ سر پر لٹک رہا ہے،بیرونی امداد بند ہوگئی اور امریکا نے ذخائرغیرمنجمد نہ کیے تو وہاں افرا تفری پھیل سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ روس، چین اور یورپ کو بھی طالبان حکومت تسلیم کرنی چاہیے،امریکا جب صدمے سے باہر نکلے گا تو معلوم ہوگا کہ افغان فوج نے ہتھیار کیوں ڈالے،پاکستان امریکی شکست کا ذمہ دار نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ کا بغیر پروٹوکول سفر کیا،وفاقی وزیرعلی زیدی نے ایک ویڈیو شیئر کردی، ویڈیو میں عمران خان بغیر پروٹوکول اور سخت سیکیورٹی کے کراچی کی سڑکوں پر سفر کرتے نظر آرہے ہیں۔ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیرعلی زیدی نے لکھا کہ ریاست مدینہ کاعملی نمونہ پیش کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے وزیراعظم نےمعمول کا ٹریفک بند کروائےبغیر شاہراہِ فیصل پر سفر کیا،علی زیدی نے مزید لکھا کہ اگر پاکستان ایک وزیراعظم کیلئے کراچی کی مصروف ترین سڑکوں پرسفر کیلئے محفوظ ہے،تو یقیناً غیرملکی کرکٹ ٹیموں سمیت یہ آنے والے ہر شخص کیلئےمحفوظ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی یہ ویڈیو ان کے حالیہ دورہ کراچی کی ہے،وفاقی وزیرعلی زیدی کا مقصد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے،دونوں ٹیموں نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر اچانک دورے منسوخ کئے تھے،وزیراعظم عمران خان اس سے قبل بغیر پروٹوکول اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے امریکہ کی تازہ ترین معاشی حالت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ میں مہنگائی تیس سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر شہباز گل نے امریکہ کی معاشی حالت کے حوالے سے مارکیٹ واچ کی ایک رپورٹ شیئر کی جس میں کہا گیا تھا کہ اگست کے مہینے میں امریکہ کی افراط زر کی شرح میں مزید اضافہ ہونے سے یہ شرح 30 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا سو سالہ بد ترین کسادبازاری کا شکار ہے جس سے بڑی مضبوط معیشتیں بھی شدید متاثر نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بحرانی کیفیت کا شکار ہے۔
یوم آزادی کے روز لاہور کے مینارِ پاکستان میں دست درازی کا نشانہ بننے والی عائشہ اکرم کے کیس میں ملوث 2 ملزموں کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سیشن کورٹ نے خاتون ٹک ٹاکر کو بے لباس کرنے اور دست درازی کے کیس میں دو ملزمان شہریارخان اور ارسلان کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے دونوں ملزموں کو ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرا کے انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان پرسیلفی لیتے ہوئے خاتون کے قریب جانے کا الزام لگایا گیا لیکن ملزمان کے موبائل سے سیلفی برآمد نہیں ہوئی، مزید کہا گیا کہ خاتون اور دیگر گواہوں کی جانب سے ملزمان کی شناخت بھی نہیں ہو سکی تھی۔ عدالت نے دیگر دو ملزمان افتخار اور عابد کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں مسترد کردیں۔ واضح رہے کہ مینارِ پاکستان میں 14 اگست کو چار سو قریب افراد نے خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراساں کیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں،جس کے بعد حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان چیئرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن سے مشاورت کرنے کیلئے رضامند ہوگئے ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دوران چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی کہ انہیں چیئرمین کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت کرنی چاہیے، یہ تجویز سینئر وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور فروغ نسیم سمیت اکثریتی اراکین کی جانب سے دی گئی ۔ وفاقی وزراء کی تجویش کے بعد وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب کی تقرری اور نیب قوانین کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت پر نیم رضا مندی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ہدایات جاری کیں کہ نیب قوانین میں غیر متنازع ترامیم کی جائیں تاکہ احتساب کی ساکھ کو بہتر بنایا جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک نئے چیئرمین نیب کی تقرری نہیں ہوجاتی تب تک موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اپنا کام جاری رکھیں گے اور اپوزیشن کے ساتھ ہونے والی مشاورت کے دوران جسٹس جاوید اقبال کو ہی دوبارہ چیئرمین نیب بنانے سمیت دیگر ناموں پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ اس معاملے پر مزید مشاورت آئندہ منگل کو ہونے والے ایک اجلاس میں کی جائے گی، اس اجلاس میں وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کابینہ اراکین کو نیب قوانین میں ترمیم کے حوالے سے حتمی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اس خبر کی تردید کر تے ہوئے ٹویٹ جاری کر دیا۔ شہباز گل نے کہا یہ خبر درست نہیں ہے۔ براہ مہربانی درستگی فرما لیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں ایک اور اچھی خبر عوام کو سناتے ہوئے بتایا کہ وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے اپنا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کروادیا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ ترین پیغام میں کہا کہ" ایک اور اچھی خبر، ایف بی آر نے کامیابی سے اپنا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کروادیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نیا نظام نہ صرف آمدنی میں مزید بڑھانے اور معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے میں مدد دے گا بلکہ ساتھ ہی ساتھ جعل سازی کو روکنے میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ تمام حکومتی اقدامات موثر اور شفاف نظام حکومت قائم کرنے کی جانب جارہے ہیں۔ یادرہے کہ اس سے قبل اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے مالی سال 2021-22 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر کی جانب سے طے شدہ ہدف سے زائد ریونیو اکھٹا کرنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی تھی اور کہا تھا کہ یہ گزشتہ برس کے اس عرصے کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔
وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹ میں پاکستان مخالف بل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے ہم منصب کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ افغانستان سے متعلق امریکی سینیٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے قانون کے مسودے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے متعلق بل کے پیچھے امریکی لابیز اور ہمارے پڑوسی ہیں، امریکی کانگریس کو افغانستان میں امن کے قیام میں پاکستان کردار کو تسلیم کرنا چاہیے، اس معاملے میں پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا کسی بھی طرح مسئلے کا حل نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین پارٹنر شپ کا معاہدہ ہوچکا ہے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے پاکستان کی مدد پر ڈنمارک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں ہم سب ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں، ہم میں سے کوئی بھی نہیں چاہتا کہ افغانستان میں دہشتگرد تنظیمیں دوبارہ سے منظم ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ اگر پاکستانی طالبان ہتھیار ڈال دیں تو انہیں معاف کر دیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم کالعدم ٹی ٹی پی کو غیر مسلح کرنے اور انہیں عام پاکستانی شہری بنانے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے گروپوں سے افغانستان میں بات چیت چل رہی ہے، اور افغان طالبان ان مذاکرات میں مصالحتی کردار ادا کر رہے ہیں، ہم نہیں جانتے کہ بات چیت نتیجہ خیز ہوگی یا نہیں۔ افغانستان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہمیشہ یہی کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ، مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکومت کے بڑا ریلیف مل گیا۔۔عدالت نے 60 روز میں منتخب عوامی نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کے خلاف مسلم لیگ نون کی درخواست چیف جسٹس نے ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی عدالت نے آج صبح کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا تھا جسے سنادیا گیا۔ اس سے قبل 60 روز میں منتخب نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کے خلاف درخواست پرسماعت ہوئی .سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے وکیل پیش ہو ئے تھے۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا اپوزیشن یہ کہہ رہی ہے ہماری اکثریت سینیٹ میں ہے لیکن استعمال نہیں کر رہے؟ جسٹس اطہر امن اللہ نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کے ساتھ اکثریت موجود ہے، کیا سیاسی جماعت یہ کہہ رہی ہے کہ عوام بغیر نمائندے کے ہونے چاہییں؟عدالت پارلیمنٹ کو تجویز کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو اختیارات استعمال کرنے چاہییں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ پڑھیں،اگر کوئی منتخب ہونے کے بعدحلف نہیں لیتا تو عوام متاثر ہوتے ہیں کیا سیاسی جماعت اس بات پر اتفاق کرتی ہے ؟ واضح رہے کہ ماہ اپریل میں وفاقی کابینہ نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم کا آرڈیننس منظور کر لیا تھا وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے آرڈیننس کی منظوری دی جس کے کے تحت انتخاب کے 60 روز میں حلف نہ اٹھانے والے نااہل قرار پائیں گے۔
مشہور چینی کار ساز کمپنیوں کی بڑی تعداد میں پاکستان آمد سے ملک میں کراس اوور ایس یو وی کی مانگ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد اب یورپی کارمینوفیکچرنگ برانڈز نے بھی پاکستانی مارکیٹ پر اپنی نظریں جما لی ہیں۔ فرانسیسی آٹوموبائل کمپنی پی ایس اے گروپ کی پاکستان آمد کے بعد اب ووکس ویگن نےبھی پریمیئر موٹرز کے ساتھ ملک میں اس کی کاروں کو اسمبل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب پریمیئر موٹرز نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بلوچستان کے علاقے حب میں گاڑیوں کی اسمبلنگ کیلئے یونٹ لگائے گی جہاں ووکس ویگن اور سکوڈا کی گاڑیوں کی اسمبلنگ کا کام کیا جائے گا۔ پریمیئر موٹرز نے رواں سال جولائی کے مہینے میں ملک میں اپنے اسمبلی پلانٹ کا آغاز کیا جس میں سالانہ 30 ہزار گاڑیاں اسمبل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس نے اے کے ڈی سیکیورٹیز کو بھی اپنے ساتھ بطور شراکتدار متعارف کرایا ہے۔ جو اس منصوبے میں 100ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یاد رہے کہ 3 ماہ قبل سکوڈا کمپنی کے وفد نے پراگ میں پاکستانی سفیر سے ملاقات کی تھی اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ پاکستان میں اپنی گاڑیوں کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس ملاقات میں پاکستانی سفیر نے سکوڈا کار مینوفیکچرنگ کمپنی کے وفد کو پاکستانی کار مارکیٹ کی مانگ اور حالیہ تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ سکوڈا کے وفد نے پاکستانی مارکیٹ کی اس مانگ اور تبدیلی کو تسلیم کرتے ہوئے اس مارکیٹ کا جلد از جلد حصہ بننے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا تھا۔
پنجاب میں انسانیت سوز واقعہ، سفاک قبضہ گروپ نے غریب مزدور کے گھر پر قبضہ کرنے کے لیے مالکن کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل وہاڑی میں دریائے ستلج کے کنارے واقع قصبے جلّہ جیم میں قبضہ مافیا نے گھر پر قبضے کی خاطر مالکن کو آگ لگا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے کارندوں نے غریب مزدور کے گھر پر قبضے کی مبینہ کوشش کی جس پر گھر کی مالکن نے مزاحمت کی، مزاحمت کے نتیجے میں کارندوں نے مالکن کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون کو سنگین حالت میں مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں خاتون کو طبی امداد دینے کے بعد برن سینٹر ملتان ریفر کر دیا گیا، ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ 35 سالہ خاتون کا 80 فیصد جسم جھلس چکا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق مزاحمت پر دونوں گروپوں کے 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب مری میں پولیس نے کمرہ عدالت سے اغوا کئے گئے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بازیاب کروا لیا، اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والا جوڑا بیان دینے تھانہ مری کی حدود جھیکاگلی کچری پہنچے جہاں درجنوں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کے سامنے جوڑے کو اغوا کر لیا، احاطہ عدالت میں موجود افراد میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، تو سوشل میڈیا صارفین نے غم وغصے کا اظہار کیا اور پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔ پولیس نے ایس پی صدر کامران عامر اور اے ایس پی مری کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کو کجوٹ کے مقام سے بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ جوڑا تاحال پولیس کی تحویل میں ہے۔ ایس پی صدر کامران عامر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں اب تک 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان میں عبدالمنان، عبدالمتین، زیاب، حامد، قمر زمان، شاہ ذیب، آصف، نصیر، عدنان اور ناصر شامل ہیں۔
وزیراعلی عثمان بزدار انتظامیہ نے صوبے کے 11 لاکھ محنت کشوں کو مزدور کارڈ جاری کرنے کیلئےتاریخی قدم اٹھالیا ہے ، محنت کارڈز کے اجراء کیلئے پیسی(PESSI) اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 11 لاکھ مزدوروں کو صحت کار ڈ کےا جراء کیلئے بینک آف پنجاب اور پیسی کے درمیان ایم او پر دستخط کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعلی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مزدور کارڈ رکھنے محنت کشوں کو 11 سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں ہاؤسنگ، روزگار، کامیاب جوان اور احساس پروگرام شامل ہیں جبکہ مزدور کارڈ سے مزدوروں کو ریلوے، الائیڈ ، سمارٹ سکول، ڈوسے بیکری، باٹا اور یوٹیلٹی اسٹورز کی جانب سے رعایت بھی ملے گی۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ مزدور کارڈ کو اے ٹی ایم، ڈیبٹ کارڈ، موبائل والٹ اکاؤنٹ اور شناختی کوڈ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے، ایسی مراعات مزدور کا حق ہے یہ ان پر حکومت کاکوئی احسان نہیں ہے ہماری حکومت مزدوروں کو ان کا یہ حق ضرور لوٹائیں گے۔۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں مزدوروں کا اہم کردار ہوتا ہے،حکومت پنجاب کی ترجیحات میں مزدوروں کی فلاح شامل ہے، ہم محروم اور پسے ہوئے طبقے کا خیال رکھنے کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔
پولیس نے مری میں کمرہ عدالت سے اغوا کئے گئے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بازیاب کروا لیا، اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والا جوڑا بیان دینے تھانہ مری کی حدود جھیکاگلی کچری پہنچے جہاں درجنوں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کے سامنے جوڑے کو اغوا کر لیا، احاطہ عدالت میں موجود افراد میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، تو سوشل میڈیا صارفین نے غم وغصے کا اظہار کیا اور پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔ پولیس نے ایس پی صدر کامران عامر اور اے ایس پی مری کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کو کجوٹ کے مقام سے بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ جوڑا تاحال پولیس کی تحویل میں ہے۔ ایس پی صدر کامران عامر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں اب تک 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان میں عبدالمنان، عبدالمتین، زیاب، حامد، قمر زمان، شاہ ذیب، آصف، نصیر، عدنان اور ناصر شامل ہیں۔ کامران عامر نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔ دوسری جانب پسند کی شادی کرنے والی لڑکی نے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں لڑکی نے بتایا ہے کہ اس کا نام قرۃ العین ہے اور اس نے اپنی مرضی سے نعمان سے نکاح کیا، جب عدالت میں بیان دینے پہنچے تو لڑکی کے رشتہ داروں نے وہاں آکر بدتمیزی کی، دونوں کو اٹھا کر لے گئے۔ لڑکی نے مری پولیس کا جان بچانے کے لئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر پولیس بروقت کارروائی نہ کرتی تو دونوں کو مار دیا جاتا۔

Back
Top