حکومت کا احسن اقدام،جگر کی پیوند کاری صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ

jigr.jpg


صحت کارڈ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک اورسہولت کا اعلان کردیا گیا،محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے جگر کی پیوند کاری کی سہولت کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں آئندہ سال جنوری سے جگر کی پیوند کاری صحت کارڈ پلس میں شامل کرلی جائے گی اور ایک سال کے دوران جگر کی پیوند کاری کے 100 مریضوں کا علاج کیا جائے گا، جگر کی پیوندکاری پر ایک مریض پر 51 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر صحت کارڈ ڈاکٹر ریاض تنولی نے بتایا کہ رواں سال صوبے کے اسپتالوں میں صحت پلس کارڈ سے 3 لاکھ 13 ہزار مریضوں کا مفت علاج کیا گیا،جن میں دل کی سرجری، گردوں کے ڈائیلاسز اور دیگر بیماریوں کے مریض مستفید ہوئے اور صحت پلس کارڈ کی مد میں مریضوں پر 8 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

دوسری جانب صوبے کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے صحت پلس کارڈ کاؤنٹر کے سامنے ایسے مریضوں کی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں جو دور دراز علاقوں سے صحت پلس کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت کے لیے آتے ہیں،مفت علاج کیلئے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہورہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کے اجرا سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی،دوسری جانب معاون خصوصی فیصل سلطان کہتے ہیں کہ صحت کارڈ کےذریعے لوگوں کی زندگی بدل جائےگی،صحت کارڈ کےدائرہ کارکووسیع کرنےجارہےہیں،عوام کسی بھی اسپتال سے مفت علاج کراسکیں گے،عوام کو علاج معالجےکی سہولیات فراہم کرینگے۔