سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح گجر اپریل 2019 میں دبئی نہیں گئیں، اس تصدیق کےبعد عمران خان کو ملنے والی گھڑی فرح خان سے خریدنے کے عمر فاروق ظہور کا دعویٰ مزید مشکوک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم بزنس مین عمر فاروق ظہور کے فرح خان کے ذریعے عمران خان کو ملنے والی بیش قیمت گھڑی خریدنے کے دعوےپر "حقائق" نامی خبررساں ادارے نے تحقیق کی اور دعوے کا پوسٹ مارٹم کرڈالا، رپورٹ میں پیش کردہ حقائق سے عمر فاروق ظہور کےدعوے سے ہوا نکل گئی ہے۔
تحقیقات صحافی طاہر عمران میاں کی یہ اسٹوری پاکستان اور امریکہ کی سرکاری دستاویزات اور امیگریشن کی تفصیلات پر مبنی ہے جسےکسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، رپورٹ کے مطابق عمران خان کےدور حکومت میں فرحت شہزادی دو بار بیرون ملک گئیں ، 2019 میں وہ ایک بار بھی دبئی نہیں گئیں۔
2019 میں فرحت شہزادی نے پاکستان سے امریکہ کا سفر کیا جو براستہ ابوظہبی تھا، اس کیلئے انہوں نے 2اپریل 2019 کو لاہور سے اتحاد ایئر ویز کی پرواز سے ابوظہبی کیلئے اڑان بھری ، اور اسی دن انہوں نےابو ظہبی سے امریکہ کیلئے پرواز لی۔
واپسی کیلئےفرحت شہزادی نے20 اپریل کو امریکی شہر لاس اینجلس سے لاہور کیلئے سفر شروع کیا اور براستہ ابوظہبی واپس پاکستان پہنچیں، رپورٹ میں ان کے لاہور، ابوظہبی اور لاس اینجلس کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز سے گزرنے کے اوقات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
عمران خان کے دور حکومت میں فرح گجر نے دوسرا بیرون ملک سفر گزشتہ برس 5اپریل کو کیا ، یہ سفر انہوں نےلاہور سےدبئی کیلئےکیا اور 12 اپریل کو وہ دبئی سےلاہور واپس پہنچیں۔
واضح رہے کہ دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس مین عمر فاروق ظہور نے چند روز قبل پاکستانی ٹی وی چینلز کو انٹرویوز کے دوران یہ دعویٰ کیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے عمران خان کو تحفے میں ملنے والی گھڑی کے بیش قیمت سیٹ انہوں نے خریدا ہے، اس سودے کیلئےعمران خان کے مشیر شہزاد اکبر نے ان سے رابطہ کیا اور سودا کرنےکیلئے سابق خاتون اول کی سہیلی فرحت شہزادی عرف فرح گوگی ان کے پاس دبئی آئی تھیں۔
تاہم تمام انٹرویو ز میں عمر فاروق ظہور نے اس واقعہ کی تفصیلات کے دوران اپریل 2019 کا ذکر کیا اور کوئی تاریخ بتانے سے گریز کیا، صحافی طاہر عمران میاں کے مطابق اس کہانی کو بننے والے شخص کو یہ معلوم تھا کہ اپریل 2019 میں فرح گوگی بیرون ملک گئیں مگر انہیں شائد یہ علم نہیں تھا کہ وہ دبئی نہیں گئیں۔