کراچی: قتل کیس میں گرفتار ملزمہ انتقال کے 7 ماہ بعد بے گناہ قرار

jail-pp.jpg


کراچی میں قتل کے کیس میں گرفتار خاتون انتقال کے 7 ماہ بعد کیس میں بے گناہ قرار دیدی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ سال سے جیل میں قید کراچی کی رہائشی صائمہ فرحان جیل میں ہی گردے اور پیٹ کے درد میں مبتلا ہوکر دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں تاہم ان کے انتقال کے 7 ماہ بعد عدالت نے خاتون کو اہلخانہ کے دیگر 4 افراد سمیت جرم ثابت نہ ہونے پر بے گناہ قرار دیدیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چاروں ملزمان کو بری کرنے کاحکم سنایا اور کہا کہ استغاثہ قتل کے کیس میں ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔

یادرہے کہ فروری 2019 میں لیاقت آباد کے علاقے کی رہائشی رخسار نامی خاتون کی طبیعت خراب ہونے کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئیں تاہم بعد میں اس کے اہلخانہ نے رخسانہ کی موت کا الزام صائمہ اور اس کے گھروالوں پر عائد کردیا اور مقدمہ درج کروادیا۔

بعدازاں عدالتی حکم پر فروری 2020 کو صائمہ فرحان، بہن نصرت ناز، بھائی محمد علی و زاہد علی اور بھابھی اسماء محمد علی کو گرفتار کرلیا گیا ، دوران ٹرائل صائمہ کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی مگر انہیں ضمانت نہیں مل سکی جس کے بعد 14 جون2021 کو کراچی کی سینٹرل جیل میں ہی انتقال کرگئیں۔