کراچی میں پولیس افسر سے بھی لوٹ مار ، مزاحمت پر ڈی ایس پی زخمی

karachiii-police.jpg


کراچی میں عوام کے محافظ بھی غیرمحفوظ ہیں، گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پرڈی ایس پی کوفائرنگ کر کے زخمی کردیا گیا،مسلح ملزمان نقدی اور بیوی کے طلائی زیورات اترواکر فرار ہو گئے۔

50 سالہ غلام مرتضیٰ گلستان جوہر روفی گرین سٹی کے رہائشی اور سیکیورٹی زون ٹو میں ڈی ایس پی تعینات ہیں،واقعہ شاہراہ فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 18 پرفیوم چوک کے قریب پیش آیا، جہاں کار سوار افراد سے لوٹ مار کی گئی،اس دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کردی۔

ایس ایچ او شاہراہ فیصل رانا حسیب کے مطابق ڈی ایس پی اور ان کی اہلیہ ڈرائیور کے ہمراہ نواب شاہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپس اپنے گھر روفی گرین سٹی آرہے تھے جسے ہی ان کی گاڑی روفی گرین سٹی کی پارکنگ میں رکی تو موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان آ گئے اور انھوں نے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار شروع کردی ۔

مسلح ملزمان نے نقدی اور ڈی ایس پی کی اہلیہ سے طلائی زیورات اتر والیے ۔ اس دوران ڈی ایس پی نے مزاحمت کی تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی،ڈی ایس پی پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں نجی اسپتال منتقل کردیاگیا،پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کر کےواقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

کچھ روز قبل مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کی خبر بھی سامنے آئی تھی ۔

 
Advertisement
Last edited:
Sponsored Link