ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی: عمران خان کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو

imran-khan-cbc-rjm.jpg


چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف سازش ہوئی جو22کروڑ افراد کے لیے باعث شرمندگی ہے کہ ایک منتخب وزیراعظم کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ماضی میں جب بھی پاکستان میں حکومتیں ہٹائی گئیں ان کی وجہ کرپشن تھی، پہلی بار جب حکومت کو ہٹایا گیا تو کسی کیخلاف کرپشن کے مقدمات نہیں تھے۔ جب سے ہمیں ہٹایا گیا تب سے ملک کی معیشت کافی نیچے آگئی، ہم جمہوری اداروں کومضبوط کرنے کے عمل میں ہیں۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے جسے بہتر کرنا ہوگا۔ روس کا دورہ پہلے سے ہی طے تھا، تمام اسٹیک ہولڈرز چاہتے تھے کہ ہمارے روس سے تعلقات بہتر ہوں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی، ہمیں روس سے گیس، آئل اور گندم چاہیے تھی، روس سے ہمیں تیل 30 فیصد رعایت پر مل رہا تھا، مجھے نہیں پتا تھا ہمارے روس پہنچنے کے اگلی صبح ہی تنازع شروع ہوجائے گا۔


سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان واحد تنازع کشمیر کا ہے، بھارت نے2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔ مقبوضہ کشمیر میں جو بھی واقعہ ہوتا ہے بھارت پاکستان پر الزام لگاتا ہے، پاکستان پر الزام عائد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، عالمی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق دینا ضروری ہے۔
 
Advertisement
Sponsored Link