
کراچی میں گرین لائن منصوبے کیلئے 40 بسوں کی آمد کے حوالے سے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں دلچسپ گفتگو دیکھنے کو ملی، اپوزیشن لیڈر کے سوال پر صوبائی وزیر پارلیمانی امور نے بڑا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بدترین صورتحال کے حوالے سے نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کئی بار گرین لائن منصوبے کی بسیں لانے کا وعدہ کیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گرین لائن کی 40 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، اس پر ہم وزیرعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمارا سندھ حکومت سے سوال ہے کہ اورنج لائن منصوبہ کب مکمل ہوگا؟
حلیم عادل شیخ کے اعتراضات پر جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا سب سے مہنگا ترین منصوبہ بی آر ٹی ہے اور 80 بسیں نہیں صرف 40 بسیں کراچی پہنچی ہیں، جھوٹ بولنے میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
مکیش کمار نے کہا کہ یہ جھوٹ بولتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم نے بہت بڑا تیر مارا، پی ٹی آئی کے لوگ کوئی ایک منصوبہ بتادیں جو ان کا اپنا ہو؟ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگاکر خوش ہونے والے پچھلی حکومتوں کو کرپٹ قرار دیتی ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور نے حلیم عادل شیخ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے 40 بسیں کراچی منگوائی ہیں، اگلے سال جنوری تک سندھ حکومت 50 بسیں کراچی لارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز گرین لائن منصوبے کیلئے چالیس بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے، بسیں وفاقی حکومت کی جانب سے منگوائی گئی تھیں جنہیں اتوار کے روز آف لوڈ کیا گیا تھا۔
اتوار کے روز اس حوالے سے شہر قائد میں ایک تقریب کا انعقاد کی گئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزراء و رہنما شریک ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/hD4tBjZ/5.jpg