
شوگر ملز کی جانب سے کرشنگ شروع ہوتے ہی چینی کے دام گرنے لگے۔۔ 43 روپے کلو تک کمی
روزنامہ جنگ کے مطابق صرف 10 روز میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 42 روپے کلو کم ہو گئے۔ اگرچہ یہ اعلان کیا گیا ہے کہ شوگر ملیں جنوبی پنجاب اور سندھ میں 15نومبر کو کرشنگ سیزن کا آغاز کریں گی۔
جب کہ سنٹرل پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا میں 20 نومبر کو کرشنگ سیزن شروع ہو گا مگر سندھ میں مزید 3 شوگر ملوں نے 15 نومبر سے پہلے کرشنگ سیزن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ان شوگر ملز میں فاران شوگر ملز، میرپور شوگر ملز، رانی پور شوگر ملز شامل ہیں۔
13 نومبر کو سندھ کی باندی شوگر ملز بینظیر آباد اور تھرپارکر شوگر ملز نے کرشنگ شروع کر دی ہے جس کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں ہفتے کی صبح چینی کا ایکس ملز ریٹ گر کر 97 روپے اور وسطی پنجاب میں 99.50 ہو گیا۔
شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رکن ماجد ملک کے مطابق 3 نومبر کو چینی کے ایکس ملز ریٹ 140 تک گئے تھے لیکن 13-4 نومبر کے دس روز میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 41 سے 42 روپے کلو کم ہو گئے ہیں۔
کراچی کی گروسرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہول سیل سطح پرچینی کی فی کلو قیمت 98 روپےکلو ہوگئی ہے، ہول سیل سطح پرچینی 13 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے جبکہ ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 125 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 5 روپے کلوسستی ہوئی ہے۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پر تاحال چینی دستیاب نہیں۔ سٹور انتظامیہ کے مطابق نئے سٹاک کے آنے تک چینی کی فراہمی ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں پیدا ہونے چینی گھریلو صارفین کے مقابلے میں ایک بڑی مقدار کنفیکشنری انڈسٹری میں استعمال ہوتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sugar-price-down11211.jpg