
انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،دوسری جانب ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر نے روپے کی مزید درگت بنادی ہے، ایک موقع پرڈالر48 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 227روپے42 پیسے کا ہوگیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر 17 پیسے اضافے کے بعد 227روپے11 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔
دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تاریخ کی کم ترین سطح کو چھو رہے ہیں، 30 دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 28 کروڑ17 لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی ادائیگیوں کے باعث مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائراس وقت 11 ارب42 کروڑ 55لاکھ ڈالرز کی سطح پر موجود ہیں، کمرشل بینکوں کے ذخائر3 کروڑ93 لاکھ ڈالرز کمی کے بعد 5 ارب84 کروڑ60 لاکھ ڈالرز رہ گئے ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق سرکاری ذخائر24 کروڑ 54 لاکھ ڈالرز کم ہوکر 5 ارب57 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز کی سطح پرآگئے ہیں۔