
جینیوا کانفرنس کی شکل میں9ارب ڈالر غیبی امداد سے کم نہیں، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر سے زائد رقم ملنا غیبی امداد سے کم نہیں، اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا اظہار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں انتونیو گوتیرس نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تباہی اور عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیا پن کا ایک ساتھ شکار ہوا۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائےگا۔ اس کے علاوہ فرانسیسی صدر نے بہادری سے تباہی کا مقابلہ کرنے پر پاکستانی عوام کو سراہا جب کہ ترک صدر طیب اردگان کا مشکل کی گھڑی میں حکومت اورپاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے ساتھ ملکی معیشت کی بحالی بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جی ڈی پی کا 8 فیصد ان علاقوں سے وابستہ ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فریم ورک تیار پر کام کرنے کیلئے 16.3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے ہمارے 1700 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں، سیلابی صورتحال سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، 8 ملین بے گھر ہوئے، فصلیں تباہ ہوگئیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جینیوا کانفرنس کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی تحسین کرتا ہوں، آپ سب نے ’ٹیم پاکستان‘ بن کر پاکستان کے لیے کامیابی حاصل کی، آپ سب پر فخر ہے، الحمداللہ ، پاکستان مشکلات کے بھنور سے نکل رہا ہے، اللہ تعالی کی مدد اور عوام کے تعاون سے پاکستان کی طرف بڑھتی ہر مشکل کا جرأت ودانائی سے مقابلہ کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/geniva-cs-shehbaz-ss.jpg