
مشہور موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی شخصیت میں لچک، پرویز الہیٰ میں متانت جبکہ عمران خان کے رویے میں اکڑ دیکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قاسم علی شاہ نجی خبررساں ادارے 92 نیوز کے پروگرام ہو کیا رہا ہے میں خصوصی گفتگو کررہے تھے جب ان سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلی پرویز الہیٰ اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے جو لچک دیکھی ہے وہ سب سے زیادہ میاں شہبا ز شریف میں دیکھی ہے اور شہباز شریف پاکستان کیلئے بہت فکر مند ہیں۔ جہاں تک متانت اور گہرائی کا تعلق ہے وہ میں نے چوہدری پرویز الہیٰ میں زیادہ دیکھی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1614294098734612480
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب میں جہاں بہت ساری خوبیاں ہیں وہیں ان میں اکڑ بھی دیکھی ہے، وہ بہت زیادہ فکس ہیں، مطلب کہ جو فیصلے قیامت کے روز ہونے ہیں عمران خان نے سوچ لیا ہے کہ وہ سارے فیصلے ہم نے دنیا میں ہی کردینے ہیں، جو حساب کتاب یوم حساب ہونا ہے وہ ہمیں اسی دنیا میں کرنا ہے، یہ بیانیہ اور ارادہ تو بہت مضبوط ہے۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ ارادہ اور بیانیہ مضبوط سہی ، عمران خان صاحب کی مقبولیت بھی بہت ہے مگر دیکھنا یہ چاہیے کہ گھر کو آگ لگی ہے تو سب سے پہلے اس آگ کو بھجانا چاہیے، اس ساری صورتحال کا فائدہ ہمارے دشمن کو ہورہا ہے، کوئی بھی پارٹی یا سیاسی لیڈر جو اداروں کو اٹیک کررہا ہے تو وہ غلط کررہا ہے وہ دشمن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یونیورسٹیوں میں نکل رہا ہوں اور نوجوانوں کو بتاؤں گا کہ خدا کیلئے لیڈر کی تعریف تو سمجھ لیں، اتنی جلدی فیصلے نہ کریں۔
خیال رہے کہ قاسم علی شاہ نے گزشتہ روز زمان پارک لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر قاسم علی شاہ نے عمران خان سے سوال کیا کہ میرے پاس پارٹی کیلئے فنڈز نہیں ہیں مگر کیا مجھے تحریک انصاف کا ٹکٹ مل سکتا ہے؟