
سندھ کے الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز سے نتائج آر اوز کے دفتر پہنچ رہے ہیں، یہ ایک گھمبیر پراسس ہوتا ہے، ایک یوسی کا رزلٹ بنانے میں وقت لگتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے بتایا کہ ہر یو سی کے 4 وارڈز ہیں اور اوسط 20 پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھی پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ نہ آئے تو یو سی کا نتیجہ مکمل نہیں ہوتا، ہر آر او کے پاس تقریباً 5 یوسیز ہیں اس لیے نتائج میں وقت لگ رہا ہے۔
اعجاز انور چوہان نے مزید کہا کہ نتائج مینوئل بن رہے ہیں، ان انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم نہیں ہے۔
جبکہ نتائج میں تاخیر کے باعث سیاسی جماعتوں میں بے چینی کی فضا ہے اس حوالے سے پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی نتائج فوری جاری کرنے کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ تاخیر سے نتائج کے اجراء سے پورا انتخابی عمل بلاجواز متنازع بن سکتا ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ فارم 11 اور 12 فراہم نہیں کیے جا رہے، کچھ ڈپٹی کمشنر نتائج دینے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آر او نے نتائج کا اعلان نہیں کیا تو شہر بھر میں دھرنے ہوں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ecp-sindh-local-elc.jpg