
اسٹیبلشمنٹ کے کھلاڑی عمران خان کا 12 سالہ منصوبہ نوازشریف نے ناکام کر دیا: چیف آرگنائزر ن لیگ
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نوازشریف نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں موجود لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی باقیات عمران خان کو اب بھی سپورٹ کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاسی جلسے میں شرکت کے لیے عمران خان ٹانگ کے ساتھ راولپنڈی تک چلا جاتا ہے لیکن عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتا۔
سینئر صحافی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹیبلشمنٹ کے کھلاڑی عمران خان نے 12 سالہ منصوبہ تیار کر رکھا تھا جسے قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے تتربتر کر دیا ہے۔ عمران خان کی سپورٹ کوئی ادارہ نہیں کر رہا بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ کے کندھوں پر بیٹھ کر دوبار میں اقتدار میں آجائیں، ان کی سہولت کاری جانے والے کچھ لوگ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ صرف مسلم لیگ ن کا نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کا یہی بیانیہ ہونا چاہیے۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی آڈیو لیک بنچ فکسنگ کا واضح ثبوت ہے۔
آڈیو لیک ہونے کے بعد ایک یا دو کردار جن سے عدلیہ پر انگلیاں اٹھتی ہیں ان کا احتساب کرنا ہوگا ، داغ نہ دھوئے تو مستقبل کا راستہ مشکل ہو گا اور قائد ن لیگ نواز شریف کی سزا کا ازالہ بھی خود کرنا ہوگا۔گریٹ گیم کے تمام کردار قوم کے سامنے ہیں، احتساب سے ادارے کمزور نہیں ہوتے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوہے کی طرح بل میں چھپے ہیں، کورٹ میں بھی نہیں آتے، پی ٹی آئی بنکرز سے باہر ہی نہیں نکل رہی۔ عمران خان اور ان کے ساتھی مکافات عمل کا شکار ہیں، ان جیسے لوگوں کو احتساب ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف نے اپنے دوراقتدار میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا، ہم تعمیر نو کرنے میں مصروف ہیں۔ نوازشریف کی دوری پر پارٹی میں مشکلات آئیں لیکن مسلم لیگ ن کو احساس ہو گیا ہے کہ وہ کتنے ضروری ہیں۔