
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ سے متعلق حکم کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان اور گورنر خیبر پختونخوا نے ردعمل دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے صدر کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے تحریری حکم نامہ موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی خان نے صدر مملکت کے حکم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان کے پاس الیکشن کروانے کا اختیار نہیں ہے، کل سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کے بعد صدر مملکت کے اعلان کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے اعلان کے حوالے سے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا ردعمل بھی سامنےآیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جس قانون کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا اعلان کیا وہ ان کا دائرہ کار ہی نہیں ہے، آئین کی رو سے صدر مملکت صرف قومی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دے سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے اعلان کا اختیار صوبے کے گورنر کے پاس ہے، اس معاملے میں صدر کا حکم چیلنج ہوسکتا ہے جبکہ حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔
چیئرمین پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے اس معاملے میں سپریم کورٹ کی رولنگ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے کے زیر سماعت ہونے کی وجہ سے مشاورت نہیں کی،مشاورت نا ہونے کی وجہ سے معاملہ متنازعہ ہوگیا ، اب اس تنازعہ کو سپریم کورٹ کی رولنگ طے کرے گی۔
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن57 (1) کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے9 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14cheifecpprdamal.jpg