
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق کوئی ایسی حکمت عملی بنا کر دن منتخب کریں جس سے رمضان یا مسیحی برادری کے ایسٹر کے ایام متاثر نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے صدر حافظ مولانا طاہر اشرفی نے صدر عارف علوی، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کیلئے جس بھی تاریخ کا اعلان کریں اس میں رمضان المبارک اور مسیحی برادری کے ایسٹر کے ایام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک خالص عبادات کا مہینہ ہے جو سال میں ایک ہی بار آتا ہے اور نجانے دوبارہ کسی کو نصیب ہو یا نہ ہو اس لیے میری اداروں سے اپیل ہے کہ وہ اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے کوئی ایسی تاریخ منتخب کریں جب رمضان میں لوگوں کی عبادات متاثر نہ ہوں۔
طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اس طرح انتخابات سے نہ تو لوگوں کا رمضان پر فوکس رہے گا اور نہ ہی انتخابات میں بھرپور شرکت اور گرمجوشی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے انتخابات کی تاریخ 15 شوال کے بعد کی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل صدر نے جو تاریخ دی تھی وہ رمضان میں آ رہی تھی اس لیے دوبارہ اس چیز کا خیال رکھا جائے۔
https://twitter.com/x/status/1630611200324124672
یاد رہے کہ ان کا یہ ویڈیو پیغام سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے 3 ماہ کے اندر اندر انتخابات کرانے کے فیصلے سے قبل کا ہے تاہم اب سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ 90 روز کے اندر اندر انتخابات لازمی کرائے جائیں۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ پنجاب کیلئے صدر اور خیبرپختونخوا کیلئے گورنر تاریخ کا اعلان کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tahir-ashrashi-ppt.jpg