
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کے خط کا جواب دیدیا ہے اپنے خط میں شہبازشریف نے صدر کے خط کو پی ٹی آئی کا پریس ریلیز قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے خود کو لکھے گئے خط کا جواب دے دیا ہے۔ صدر عارف علوی کو لکھا گیا خط 5 صفحات اور 7 نکات پر مشتمل جوابی خط تحریر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کہنے پر مجبور ہوں کہ آپ کا خط تحریک انصاف کا پریس ریلیز دکھائی دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ اچھا ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کی پوری کوشش کی۔ خط میں آپ نے جولب و لہجہ استعمال کیا، اس سے آپ کو جواب دینے پر مجبور ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ کا خط یک طرفہ، حکومت مخالف خیالات کا حامل ہے جن کا آپ کھلم کھلا اظہار کرتے ہیں۔ یہ آپکے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں
وزیراعظم نے کہا کہ 3 اپریل 2022 کو آپ نے قومی اسمبلی کی تحلیل کرکے سابق وزیراعظم کی غیر آئینی ہدایت پر عمل کیا جبکہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے آپ کے حکم کو سپریم کورٹ نے 7 اپریل کو غیر آئینی قرار دیا۔ آرٹیکل 91 کلاز5 کے تحت بطور وزیراعظم میرے حلف کے معاملے میں بھی آپ آئینی فرض نبھانے میں ناکام ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے اور 4 کے تحت آئین اور قانون کا مطلوبہ تحفظ ان تمام افراد کو دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاستی عمل داری کے لیے قانون اور امن عامہ کے نفاذ کے مطلوبہ ضابطوں پر سختی سے عمل کیا ہے۔ تمام افراد نے قانون کے مطابق دادرسی کے مطلوبہ فورمز سے رجوع کیا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ سیاسی مخالفین کا صفایا کرنے کے لئے نیب کو استعمال کیاگیا افسوس بطور صدر پاکستان آپ نے ایک بار بھی اِن میں سے کسی بھی واقعے پر آواز بلند نہ کی۔
https://twitter.com/x/status/1639878543269044224
جوابی خط میں وزیراعظم نے کہا کہ جماعتی وابستگی کے سبب آپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کو یکسر فراموش کر دیا، آپ نے نجی و سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور افراتفری پیدا کرنے کی کوششوں کو اگونر کر دیا جبکہ تحریک انصاف کی ملک کو معاشی ڈیفالٹ کے کنارے لانے کی کوششوں کو آپ نے اگنور کر دیا۔ تحریک انصاف کی وجہ سے آئین، انسانی حقوق اور جمہوریت کے مستقبل سے متعلق پاکستان کی عالمی ساکھ متاثر ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی اسمبلیاں کسی آئینی و قانونی مقصد کے لیے نہیں، صرف وفاقی حکومت کو بلیک میل کرنے کے لیے تحلیل کی گئیں اور آپ نے یہ بھی نہ سوچا کہ دو صوبائی اسمبلیوں کے پہلے الیکشن کروانے سے ملک نئے آئینی بحران میں گرفتار ہو جائے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ آپ نے آرٹیکل 218 کلاز تین کے تحت شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے تقاضے کو بھی فراموش کر دیا، آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو آپ نے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا جو نہایت افسوسناک ہے۔ کا یہ طرز عمل صدر کے آئینی کردار کے مطابق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن نے 8 اکتوبر 2023 کو پنجاب میں انتخابات کروانے کی تاریخ دی ہے، تمام وفاقی اور صوبائی اداروں نے متعلقہ اطلاعات الیکشن کمشن کو مہیا کی ہیں۔ الیکشن کروانے کی ذمہ داری آئین نے الیکشن کمشن کو سونپی ہے اور الیکشن کمشن نے ہی طے کرنا ہے کہ شفاف و آزادانہ انتخاب کروانے کے لیے آرٹیکل 218 تین کے تحت سازگار ماحول موجود ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 24 مارچ کو خط لکھا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/arifl-avjaai.jpg