
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے وفاقی وزراء خواجہ آصف اور احسن اقبال اور جاوید لطیف پر مذاکرات میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں مزدور ڈے کے موقع پر پی ٹی آئی کےزیر انتظام نکالی گئی ریلی کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم آئین بچاؤ تحریک کا آغاز کررہے ہیں، ایک مخصوص طبقہ آئین پاکستان کو روند کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں ہونے والی آئین کی تشریح کے باوجود پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اس فیصلے کی خلاف ورزی پر آمادہ ہیں، ہم نے حکومتی کمیٹی کو ان کی اپنی خواہش پر مہلت دی، تاہم وفاقی وزیر احسن اقبال اور وفاقی وزیر خواجہ آصف مذاکرات کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی مذاکرات سے انکاری ہیں۔
خیال رہے کہ مزدور ڈے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا جس پارٹی قائدین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی کی قیادت پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کی جبکہ سابق وزیر غلام سرور خان، علی نواز اعوان، عامر کیانی ،صداقت عباسی، فیاض الحسن چوہان اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی ریلی میں شریک ہوئے۔
ریلی کے راولپنڈی سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی اطلاعات ملنے پر انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی جس سے جڑواں شہروں کے رہائشی اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7qureshinamamalydiye.jpg