
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران راولپنڈی میں آرمی ہیڈ کوارٹر ز کے گیٹ پر ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتار ی کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد احتجاج کےدوران جن افراد نے آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 14 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں، شناخت کیے گئے افراد میں سے 9 کا تعلق راولپنڈ ی سے ہے جبکہ 3 اسلام آباد کے شہری بھی ہیں، ایک شخص کراچی اور ایک کا تعلق کراچی سے ہے۔
9 مئی کو ہونے والے مظاہروں میں شریک 300 سے زائد افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، سرکاری و دفاعی املاک کو نقصان پہنچانے والےافراد کی شناخت کے بعد ان کی گرفتاری کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، ان مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو ، لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس سمیت سرکاری و دفاعی املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔