
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے نئی سیاسی پارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا،ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین پارٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے جبکہ علیم خان سمیت پی ٹی آئی کے کئی اہم ناراض رہنما پارٹی کا حصہ ہوں گے۔
ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، وہاڑی اور ملتان کے اہم سیاسی خاندان بھی اس نئی جماعت میں شامل ہوں گے،کراچی، اندرون سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی اہم رہنماؤں نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور ان کے ہم خیال دوستوں نے ابتدائی کام کرلیا،لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ بھی تیار ہوچکا ہے،ستر سے زائد سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین نے کہا تھا جناح ہاؤس حملے میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا کردار ہے،آج ہمیں موقع ملا جناح ہاؤس کو دیکھیں، دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ جناح ہاؤس کے ساتھ کس قسم کا برتاؤ کیا گیا، کورکمانڈر ہاؤس جناح صاحب کا گھر تھا، ایسا واقعہ 75 سال کے بعد ہوا ہے۔
انہوں نے کہا تھا جناح ہاؤس کے ساتھ جو کیا گیا یہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، سب لوگ یہاں پی ٹی آئی کے جھنڈے لے کر آئے، یہ سب پی ٹی آئی کے ورکرز تھے، اللہ تعالیٰ لوگوں کو عقل اور سمجھ دے، اس عمل کی کوئی معافی نہیں ہے، اس طرح کی چیزیں پاکستانی تاریخ میں پھر نذر نہیں آنی چاہئیں، امید ہے جن لوگوں نے یہ پلان کروایا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
جہانگیر ترین نے کہا میں نے زندگی کے 10 سال پی ٹی آئی کو دیے، ہم نئے ملک کی نئی مثال بنانا چاہتے تھے، پی ٹی آئی کے پہلے کسی جلسے میں اس قسم کا تشدد نہیں ہوا، خان صاحب سے سیاسی وابستگی اور دوستی تھی، میرے خان صاحب سے تعلقات ذاتی وجوہات کی بنا پر 2 سال قبل ختم ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو پی ٹی آئی کی جدوجہد میں کردار ادا کیا وہ پاکستان کیلئے تھا، یہ سارا کچھ میں نے اپنے لیے نہیں کیا، یہ ہم نے اس لیے کیا تھا کہ غریب کی آواز سنی جائے، بچوں کا مستقبل بہتر ہو، افسوس ہے وہ کوششیں آخر میں یہاں آکر پہنچیں، پاکستان کی افواج میں وہ لوگ ہیں جو بارڈر پر کھڑے ہوکر اپنا سینہ آگے کرتے ہیں، افواج پاکستان ہی ہے جو عوام کا تحفظ کرتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/jkt-aleem-khan-new-party.jpg
Last edited by a moderator: