
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آئین پاکستان کے مطابق کام کرتے رہیں گے: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف
سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں وکلاء اور صحافیوں سے ملاقات کی۔ عمران خان نے وکلاء اور صحافیوں سے موجودہ ملکی وسیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان میری ہیں ان سے میری کوئی لڑائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وقت تبدیل ہو جائے گا اور اگلے چند دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا، میری نااہلی کی صورت میں شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کی قیادت کریں گے۔
عمران خان کا تحریک انصاف سے لاتعلقی کرنے والے سیاسی قائدین بارے کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے والے کچھ مجبور تھے اور کچھ بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ملک کے نوجوان تحریک انصاف کا بہترین سرمایہ ہیں، پارٹی ٹکٹ ان کا حق ہے، مراد سعید مستقبل میں ملک کا اہم ترین لیڈر ثابت ہو گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آئین پاکستان کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نااہل، گرفتار اور قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔ موجودہ اتحادی حکومت نے ملک کی معیشت کو مسلسل بحران کا شکار کر دیا ہے جس کا حل انتخابات کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ جب بھی انتخابات ہوئے تو پاکستان تحریک انصاف فاتح ہو گی، اگر آج بھی ریفرنڈم کروا لیا جائے تو نتیجہ سب کے سامنے آ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں حلف پر کہتا ہوں کہ میں نے توڑ پھوڑ اور تشدد کا کبھی نہیں کیا۔ عمران خان سے اس موقع پر ان کی لیگل ٹیم کی ملاقات بھی ہوئی، لیگل ٹیم نے عمران خان پر قائم کیے گئے مقدموں کے حوالے سے قانونی مشاورت کی۔ عمران خان نے اپنی لیگل ٹیم سے پارٹی کے گرفتار کیے گئے رہنمائوں کی رہائی بارے گفتگو کی۔ شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین تحریک انصاف ہیں اور جیل میں قید ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9qururushshisisi.jpg