![15bialwpakstankmasaly]]].jpg](https://www.siasat.pk/data/files/s3/15bialwpakstankmasaly]]].jpg)
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف عمران خان کو بند کرنے سے مسائل کا حل نہیں نکلے گا، زرداری صاحب سے درخواست ہے کہ ہمارے ہاتھ نا باندھے جائیں ، ہم پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہیں لگنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے پارٹی عہدیدار کے گھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالےسے پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، ہم نے اس حوالے سے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو اختیار دیدیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نا ملی تو زرداری صاحب سے کہیں گے کہ ہمارے ہاتھ کھول دیں، پیپلزپارٹی نے 2007 میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو دفنا کر بھی الیکشن لڑا تھا، پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہیں لگایا جاسکتا۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے صرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے، پارلیمان، اقوام متحدہ اور آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ ، پیپلزپارٹی ہر جگہ یہ خیال رکھے گی کہ عوام پر کون سے فیصلے کا کیا بوجھ پڑے گا،2009 میں پیپلزپارٹی ہی تھی جس نے ملکی بحران کو سمجھتے ہوئے معاشی بحران ختم کیا اور مری ہوئی معیشت کو دوبارہ زندہ کیا تھا۔
نواز شریف کی واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم تو بہت عرصے سے یہ مطالبہ کررہےہیں، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تاکہ ہم انتخابی مہم شروع کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح اوکاڑہ کے عوام پیپلزپارٹی کیلئے نکلے ہیں تو سمجھ آگیا کہ بینظیر بھٹو شہید اوکاڑہ کو منی لاڑکانہ کیوں کہتی تھیں، اسی عوامی حمایت کی وجہ سے سابق سیلکٹڈ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی ۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ سوچنا غلط ہے کہ عمران خان کو بند کرنے سے ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے، پاکستان آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے متعدد مسائل کا شکار ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15bialwpakstankmasaly]]].jpg