
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایف آئی آر میں تاخیر پر آئی جی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں سے انصاف، 24 گھنٹوں میں ایف آئی آر کے اندراج کا بورڈ پھاڑدیں، آپ تھانوں کی حالت بدلنا ہی نہیں چاہ رہے۔
نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سگیاں کے قریب فیکٹری ایریا تھانے کا اچانک دورہ کیا، اور چوری کے پرچوں میں تاخیر پر آئی جی پنجاب پر برہمی کا اظہار کیا ۔
محسن نقوی نے آئی جی پنجاب عثمان انور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ تو کہتے ہیں 24 گھنٹوں میں چوری کی ایف آئی آر ہو گی، لیکن تھانے میں 4،4 دن سے ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی۔
نگراں وزیراعلیٰ نے سخت مکالمہ کرتے ہوئے کہا آئی جی صاحت تھانوں سے انصاف، 24 گھنٹوں میں ایف آئی آر کے اندراج کا بورڈ پھاڑ دیں، آپ تھانوں کی حالت بدلنا ہی نہیں چاہ رہے۔
آئی جی پنجاب نے وزیر اعلی کو بریفنگ دی کہ جس ایف آئی آر کی آپ بات کر رہے وہ چوری کی نہیں,اسٹاف نے آئی جی پنجاب کو بتایا محسن نقوی جس پرچے کی بات کر رہے وہ چوری کا ہی ہے، تاہم آئی جی پنجاب پہلے تو وزیر اعلی کو پرچے میں تاخیر پر بریف کرتے رہے۔
نگراں وزیراعلی محسن نقوی نے ایف آئی آر میں تاخیر پر ایس ایچ او کوعہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ اور وزیر اعلی کے حکم پرآئی جی پنجاب نے بھی فوری ایس ایچ کوہٹانے کا کہہ دیا۔
وزیراعلیٰ نے دونوں تھانوں میں فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں پر ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی تھانوں میں فرنٹ ڈیسک،مال خانے،محرر روم و دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات میں ملزمان سے ان کے کیسز بارے پوچھا جس پر سود کی رقم واپس نہ کرنے، چیک باؤنس کیس کا ملزم اپنی داستان سناتے رو پڑا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملزم کے ذمہ واجب الااد رقم ادا کرنے کا اعلان کیا، رہائی کیلئے قانونی کارروائی کی ہدایت دے دی ساتھ ہی محسن نقوی نے سود کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
شفیق آباد تھانے میں خواتین سائلین نے وزیراعلیٰ کو اپنے کیس سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے خواتین کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی تھانہ شفیق آباد کے مال خانہ کو بہتر جگہ منتقل کرنے کی ہدایت بھی دیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او بھی ہمراہ تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5mohsinnaqvikhjffdsdd.png