
غزہ کے معصوم فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کو رکوایا جائے: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان
حماس کی طرف سے پچھلے ایک ہفتے کے دوران غاصب صہیونی فوج کے خلاف جاری طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 126 اسرائیلیوں کو یرغمال بنائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ طوفان الاقصیٰ آپریشن تاریخ میں حماس کی سب سے شدید کارروائی ہے جس میں اسرائیل کو بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
فوجیوں کے یرغمال بنائے جانے کے واقعات پر اسرائیل شدید پریشان ہے اور امریکہ کھل کر اس کی مدد کر رہا ہے۔
دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ایک دن انتظار کروانے کے بعد گزشتہ روز (اتوار) سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات ہوئی تھی۔
بین الاقوامی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہیں جنہیں ہفتہ کے روز ملاقات کے لیے گھنٹوں انتظار کروایا گیا اور پھر اگلے دن ملاقات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے معصوم فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کو رکوایا جائے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے انٹونی بلنکن سے اتوار کو ملاقات کرتے ہوئے سخت ترین پیغام دیا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال میں قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ کے معصوم فلسطینیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کو فوری طور پر رکوایا جائے۔
محمد بن سلمان نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کو قابض اسرائیلی فوج قتل کر رہی ہے، اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور بجلی، ایندھن، پانی کی فراہمی بحال کی جائے۔ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد کہا کہ محمد بن سلمان سے آگے بڑھنے کے لیے بہت سی اچھی تجاویز پر بات چیت ہوئی ہے۔
دریں اثنا انٹونی بلنکن نے محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد اردن اور مصر کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کر کے فلسطین، اسرائیل تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے ملاقات میں کہا کہ غزہ کے معصوم شہریوں پر اسرائیلی بمباری کو مسترد کرتے ہیںکیونکہ وہ دفاع سے بڑھ کر اجتماعی سزا پر اتر آیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11blinkenmbbssh.png