
یہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن میرے خیال میں یہی اس فیصلے کے لیے درست وقت ہے: بابر اعظم
بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ 2023ء ایونٹ میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی طرف سے ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بابراعظم نے ایکس (ٹوئٹر) پر قیادت سے دستبردار کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ: میدان کے اندر اور باہر بہت سے اتار چڑھائو کا سامنا کیا اور دل سے ملک کے وقار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ پاکستانی شائقین کا شکریہ!
بابر اعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن میرے خیال میں یہی اس فیصلے کے لیے درست وقت ہے۔ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ بابر کا اعلان کا کہ میں تینوں فارمیٹس کے لیے منتخب ہونے والے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔
https://twitter.com/x/status/1724780099101233253
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے استعفیٰ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کپتانوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے شان مسعود اور ٹی 20 ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کی گئی ہے اور سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود نے اب تک بین الاقوامی سطح پر قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت نہیں کی لیکن دونوں کھلاڑی ٹی 20 اور ڈومیسٹک ٹیم کی قیادت کا کافی تجربہ رکھتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی پاکستان سپرلیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان ہیں جبکہ شان مسعود ملتان سلطانز کی قیادت کر چکے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کی ٹیم پی ایس ایل میں چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جانا ہے جو شان مسعود کا ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد پہلا بڑا امتحان ہو گا۔ قومی کرکٹ ٹیم پچھلے 14 ٹیسٹ میچز میں مسلسل ناکام کا سامنا کرتی آرہی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی 20 ٹیم شاہین آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں جائے گی۔ پی سی بی نے اب تک ون ڈے ٹیم کی قیادت کے لیے کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا۔
https://twitter.com/x/status/1724803319087178155
علاوہ ازیں پی سی بی کی طرف سے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے علاوہ ڈائریکٹر مکی آرتھر کا پورٹ فولیو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنا کام جاری رکھیں گے ،دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے جلد کوچنگ سٹاف کا اعلان کر دیا جائے گا۔
پی سی بی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے، وہ ورلڈکپ سے پہلے بطور پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی رکن کام کر چکے ہیں۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے 218 ون ڈے، 55 ٹیسٹ اور 119 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور مجموعی طور پر 253 وکٹیں لینے کے علاوہ 12 ہزار 780 رنز بنائے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12wahahhafeezkskshshk.png