
پاکستان مسلم لیگ ن سندھ نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات و سفارشات الیکشن کمیشن میں جمع کروادی ہیں اور لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنے کی درخواست کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن کی سربراہی میں مسلم لیگ ن سندھ کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی، وفد میں سابق رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن سندھ بشیر میمن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ن لیگ کو سندھ میں لیول پلیئگ فیلڈ رفراہم کرنے کی گزارش کی ہے، ہمیں نگراں وزیراعلی سندھ مقبول باقر پر یقین ہے مگر بیوروکریسی نے انہیں یرغمال بنایا ہوا ہے۔
ن لیگ سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لیڈرز اور وزراء کے پاس اہم محکموں اور اضلاع کا کنٹرول ہے، نگراں سندھ حکومت کا زیادہ تر انتظامی سیٹ اپ بھی پیپلزپارٹی کے دور کا ہی ہے جس سے پیپلزپارٹی کا سسٹم پر اثر رسوخ برقرار ہے ۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ کے سسٹم میں کرپشن بھی موجود ہے، تعلیم، صحت، فنانس، مقامی حکومت اور ایکسائز جیسے محکمے سابق وزراء کی ہدایات پر چل رہے ہیں، وزراء کے فرنٹ مین اہم عہدوں پر موجود ہیں جو انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11pmnnlevvellplayyfeil.png