
پابندیوں اور سختیوں کا شکار پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں ڈیجیٹل جلسے متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پابندیوں اور عوامی اجتماعات کی اجازت نا ملنے پر ڈیجیٹل جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے پہلا آن لائن جلسہ17 دسمبر کو رات 9 بجے منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا آن لائن جلسہ17دسمبر کی رات 9 بجے منعقد ہوگا، عوام اس جلسے میں شرکت کریں اور تاریخ کا حصہ بن کر دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستانی قوم اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1734638146313167246
ذرائع کے مطابق ملک میں عام انتخابات کا ماحول بننے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو عوامی سطح پر تحریک چلانے میں دشواری کا سامنا ہے، پارٹی کی قیادت جیلوں میں ہے جبکہ درجنوں سینئر رہنما روپوش ہیں، ایسے میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا سہارا لیا گیا ہے جس کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
17 دسمبر کو منعقد کیے جانے والے اس جلسے میں پی ٹی آئی کے رہنما بشمول روپوش رہنما بھی شرکت کریں گے جبکہ ورکرز کی ویڈیو ز بھی چلائی جائیں گی، آن لائن جلسہ پی ٹی آئی کے تمام ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا اور اس جلسے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نوٹس پڑھ کر سنائیں جائیں گے ساتھ ہی پی ٹی آئی رہنماؤں کے آڈیو پیغامات بھی نشرکیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آن لائن جلسے میں روپوش رہنما شبلی فراز، علی امین گنڈا پور، حماد اظہر، مراد سعید، قاسم سوری، عمر ایوب خان، علی محمد خان اور تیمور جھگڑا کے علاوہ بیرون ملک مقیم شہبا زگل، کنول شوذب اور زلفی بخاری بھی شرکت کریں گے۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب خان نے بھی ورچوئل جلسے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اللہ نے زندگی دی تو آپ سے اس ورچوئل جلسے میں ملاقات ہوگی، انشااللہ8 فروری کو جیت عمران خان اور پی ٹی آئی کی ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6ptiidigitlajallskaks.png