
محکمہ داخلہ پنجاب نے اپنی رپورٹ میں سانحہ 9 مئی کو ریاست کے خلاف جنگ قرار دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے مفصل رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع کروادی ہے، قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے بھی اس رپورٹ کی توثیق کردی ہے اور اس رپورٹ کو قوانین کے مطابق سرکاری دستاویزات کا حصہ بھی بنادیا گیا ہے۔
17 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں 9 مئی کو ہونے والے واقعات کو ریاست مخالف جنگ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی ورکرز نے ریاست پر حملہ کیا، شواہد سے پتا چلتا ہے کہ پورا منصوبہ پہلے سے مربوط شدہ تھا اور کارکنان نے مرکزی قیادت کے کہنے پر ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔
رپورٹ میں 9 مئی کے واقعات کو تحریک طالبان پاکستان کی طرز پر ہونے والے حملوں سے تشبیہ دی گئی اور واقعہ کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پر عائد کی گئی اور مقامی قیادت کو بھی برابر کا حصہ دار قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ قیادت نے بذریعہ فون اور سوشل میڈیا کارکنان کو ریاستی اداروں پر حملوں پر اکسایا، 9 مئی سے پہلے ہی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میاں محمودالرشید، حماد اظہر، عندلیب عباس، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، مراد راس، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5noahjnnqara.png