
پاکستان کا وزیر خزانہ کون ہوگا, متوق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نیا عہدہ سنبھالنے اور ملک کی بیمار معیشت کو درست کرنے کیلئے تین کروڑ روپے ماہانہ تنخواہ اور ڈچ شہریت چھوڑنے کیلئے تیار ہیں۔
محمد اورنگزیب کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ متوقع وزیر خزانہ نے اپنی ڈچ شہریت چھوڑنے کیلئے کارروائی شروع کردی ہے، اگرچہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کا اعلان نہیں کیا لیکن دی نیوز کے ایڈیٹر انوسٹی گیشن کی رپورٹ کے مطابق محمد اورنگزیب میاں نواز شریف سے ملاقات کرچکے ہیں، انہوں نے پیر کو فنانس پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں اسحاق ڈار موجود نہیں تھے۔
ن لیگ کے ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ میں عہدہ سنبھالنے کے حوالے سے اسحاق ڈار کے امکانات تاریک ہیں، انہیں وفاقی کابینہ میں کوئی اور اہم عہدہ دیا جائے گا جب کہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ سمجھا جا رہا ہے اور اسی تناظر میں محمد اورنگزیب نے اپنی دوسری شہریت چھوڑنے کیلئے درخواست دیدی ہے کیونکہ پاکستانی قوانین کے مطابق دوہری شہریت کا حامل شخص سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتا,محمد اورنگزیب بینکوں کے 5 سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے سی ای اوز کی فہرست میں شامل ہیں، فی الحال وہ حبیب بینک لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں۔
2023 کی ایچ بی ایل کی سالانہ رپورٹ کے مطابق محمد اورنگزیب کو 352 ملین روپے سالانہ تنخواہ اور دیگر مراعات و سہولتیں دی گئیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 3 کروڑ روپے ہے جس وقت محمد اورنگزیب اپنی منافع بخش ملازمت اور دوہری شہریت کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، اس وقت یہ واضح نہیں کہ وہ ملک کی کمزور معیشت سے کیسے نمٹیں گے۔
مالیاتی امور کے ماہرین سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ کیا محمد اورنگزیب کو آزادانہ مالیاتی فیصلوں کی اجازت دی جائے گی؟ یہ دیکھنا اہم ہو گا کہ آئندہ ہفتوں میں وہ آئی ایم ایف ٹیم کا سامنا کیسے کرتے ہیں,جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی پریس بریفنگ میں آئی ایم ایف کے ترجمان نے تصدیق کی کہ عالمی مالیاتی ادارہ 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد اپنا مشن پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہے۔
نئے ممکنہ وزیر خزانہ محمداورنگزیب رمدے کا تعلق کمالیہ سے ہے وہ سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان چوہدری فاروق رمدے مرحوم کے بیٹے، سابق جج سپریم کورٹ جسٹس خلیل الرحمان رمدے کے بھتیجے اور داماد، سابق وفاقی وزیر و ایم این اے مسلم لیگ ن چوہدری اسد الرحمان کے بھتیجے ہیں۔
محمد اورنگزیب رمدے نے 30 اپریل 2018 کو بطور صدر اور سی ای او ایچ بی ایل بینک جوائن کیا، ایچ بی ایل میں اس ذمہ داری سے پہلے وہ ایشیا میں مقیم جے بی مورگن کے گلوبل کارپوریٹ بینک کے سی ای او تھے۔
ایمسٹر ڈیم اور سنگاپور میں مقیم اے بی این اے ایمرو اور آر بی ایس میں دیگر سینئر مینجمنٹ کرداروں میں 30 سال سے زیادہ بین الاقوامی بینکاری کا ایک بھرپور تجربہ تھا۔وہ واحد پاکستانی ہیں جنہیں ڈبلیو ایس جے ڈو جونز گروپ کے زیر اہتمام عالمی سی ای او کونسل کی خصوصی رکنیت میں مدعو کیا گیا، وہ پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین، پاکستان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان میں کونسل ممبر بھی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1muahahmammayryyetankaka.png