
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف جدید ڈیوائسز کی مددسے مجرمانہ سازش پھیلانے کے الزام میں جسمانی ریمانڈ کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، خصوصی عدالت کےجج خالد ارشد نے حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق عمران خان نے گرفتار ہونے کی صورت میں اپنے کارکنان کو عسکری تنصیبات پر حملے کی ہدایات دی تھیں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف جدید ڈیوائسز کا استعمال کرتے ہوئے مجرمانہ سازش پھیلانے کا مقدمہ ہے، تفتیشی افسر نے عمران خان کے وائس میچنگ پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق عمران خان کی واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے حاضری لگائی گئی اور عمران خان نے موقف اپنایا کہ 9 مئی کے تمام واقعات کی فوٹیجز سامنے نہیں لائی گئیں، جب میں نے کچھ کیا ہی نہیں ہے تو معافی کیوں مانگوں؟
عدالت نے عمران خان کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کو منظور کرتے ہوئے 25 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13imrankhskshdhhkkshs.png