کبریٰ خان سے ملنےکیلئے گھر سےلاکھوں روپے لے کرنکلنے والی 13 سالہ بچی بازیاب

13kubrakjskjksjkjjd.png

پاکستان ڈرامہ وفلم انڈسٹری کی معروف اداکاری کبریٰ خان سے ملنے کے لیے کراچی کیلئے گھر سے جانے والی 13 سالہ بچی بازیاب کروا لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے سے اپنے گھر سے لاکھوں روپے نقدی لے کر معروف اداکارہ کبریٰ خان سے ملاقات کرنے کے لیے سندھ کے دارالحکومت کراچی کے لیے روانہ ہونے والی 13 سالہ بچی کو لاہور پولیس نے ایک کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کروا لیا ہے۔

کبریٰ خان سے ملاقات کے لیے جانے والی 13 سالہ بچی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو اپنے گھر سے کوٹ لکھپت ریلوے سٹیشن تک پیدل ہی پہنچی تھی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پولیس نے بچی کا پتہ لگایا اور بروقت کارروائی کر کے اسے تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔


پولیس حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 13 سالہ بچی اپنی مرضی سے گھر سے پیسے لے کر نکلی تھی، انہیں کسی نے اغواء نہیں کیا اور گھر سے پیسے اس نے اپنے اخراجات کے لیے چوری کیے تھے۔ بچی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی پسندیدہ اداکارہ کبریٰ خان سے ملنے کے لیے اپنے گھر سے پیسے لے کر نکلی تھی۔

13 سالہ بچی نے پولیس کو بتایا کہ اسے اداکارہ کبریٰ خان کا معروف ڈرامہ صنف آہن سب سے زیادہ پسند ہے اور اس ڈرامے میں ان کے کردار کو دیکھ کر ہی اداکارہ سے ملنے کے لیے اپنے گھر سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بچی کا کہنا تھا کہ کراچی کی رہائشی اس کی دوست نے کہا تھا کہ کبریٰ خان کراچی میں رہائش پذیر ہے اس لیے اسے ملنے کیلئے کراچی جا رہی تھی۔


13 سالہ بچی کا کہنا تھا کہ میری دوستوں نے جب بتایا کہ کبریٰ خان کراچی رہتی ہے تو مجھ سے رہا نہیں گیا اور گھر سے پیسے لے کر اس سے ملنے کے لیے کراچی کیلئے روانہ ہو گئی۔ فیصل ٹائون تھانے کی پولیس نے 13 سالہ بچی کو کراچی پہنچنے کے بعد بازیاب کروا کر اس کے والدین کے حوالے کیا جس پر اس کے والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

 

Back
Top