
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی جعلی تصویریں اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے 2 ملزموں کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں لاہور کے علاقے مزنگ کے ایک شہری کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی جعلی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کیخلاف کارروائی کی درخواست دی گئی تھی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مذکورہ مقدمہ شہری کی درخواست پر 28 اگست 2024ء کو درج تھاجس کے بعد آج کارروائی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے مزنگ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے شہری کی درخواست پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کے دوران 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان وزیراعلیٰ پنجاب کی جعلی تصویریں اور ویڈیوز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، یوٹیوب ودیگر پر اپ لوڈ کر رہے تھے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی طرف سے گرفتار کیے گئے ملزموں کے نام مرتضیٰ خان اور احمد حسن بتائے گئے ہیں جو وزیراعلیٰ پنجاب کی جعلی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اپ لوڈ کر رہے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزموں نے جعلی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کر کے لوگوں میں اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلانے کا باعث بن رہے تھے۔