
پنجاب حکومت نے اپنا گھر سکیم کے تحت 15 لاکھ روپے کے قرضے کا اعلان کیا ہے ، کیا 15 لاکھ میں مکان تعمیر ہو سکتا ہے؟
پنجاب حکومت نے اپنا گھر سکیم کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت پنجاب کے شہریوں کو 15 لاکھ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے جس کی ادائیگی سات سالوں میں کی جائے گی۔یہ رقم حکومت کی جانب سے قسطوں میں ملے گی۔
قرضہ حاصل کرنے والا شہری نادرا ریکارڈ کے مطابق خاندان کا سربراہ ہونا چاہیے اور شناختی کارڈ کے مطابق پنجاب کا مستقل شہری ہو۔درخواست گزار شہری علاقوں میں پانچ مرلہ یا اس سے کم زمین کا اور دیہی علاقوں میں 10 مرلہ تک اراضی کا واحد مالک ہو۔
سوال یہ ہے کہ کیا 15 لاکھ روپے میں2 سے 4 مرلے کا مکان تعمیر ہوسکتا ہے؟
تعمیراتی عمل میں کئی طرح کے مراحل ہوتے ہیں۔ جب بھی مکان کی تعمیر کا آغاز ہوتا ہے تو سب سے پہلے بنیادیں تعمیر کی جاتی ہیں جس کے لئے پہلے کھدائی کی جاتی ہے،
ایک بار جب بنیادیں ڈال دی جاتی ہیں تو مکان کا اسٹرکچر کھڑا کرنے کا مرحلہ شروع ہوجاتا ہے۔ پلرز اور چھت کی تعمیر کے بعد جب دیواروں کی تعمیر کی بات آتی ہے تو اس کے لیے اینٹیں یا بلاکس درکار ہوتے ہیں اور پھر ان پر پلستر کرنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔
پلستر کے بعد مکان کی فنشنگ یعنی رونگ وروغن، دروازے، لکڑی کا کام، اور فرش ڈالنے کا مرحلہ شروع ہوجاتا ہے۔
زمین ڈاٹ کام کے مطابق 3 مرلے کے گھر پر 57.14 لاکھ روپے خرچہ آتا ہے جس میں گرے سٹرکچر پر 26.69 لاکھ روپے، فنشنگ پر 24.43 لاکھ روپے اور مزدوری پر 6.1 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔
اس گھر میں ایک بیڈروم، ایک لیونگ روم، ایک ڈرائینگ رومز ، ایک کچن اور 2 واش رومز شامل ہیں۔
گرے سٹرکچر میں 26.69 روپے لاگت بنیادیں ڈالنے ، دیواریں اور لینٹر پر آتی ہے جبکہ پلمبرنگ پر 5.16 اور وائرنگ پر تقریب 6 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔
فنشنگ پر 24.43 لاکھ روپے خرچ آتا ہے جس میں گھر کے دروازے، ٹائلوں، فرش کا کام، لکڑی کا کام، الیکٹریکل وائرنگ شامل ہیں
اگر تعمیر پر مزدوری کی بات کی ہے تو اس وقت مستری کی کم از کم دیہاڑی 2000 اور مزدور کم از کم 1500 روپے دیہاڑی لیتا ہے اور ایک 2 سے 3 مرلہ گھر کی تعمیر پر مزدوری کا خرچہ 5 لاکھ تک ہو سکتا ہے۔
کنسٹرکشن انڈسٹری سے وابستہ ایک شخصیت کے مطابق 2 مرلے کے گھر پر بھی تقریبا اتنا ہی خرچ آتا ہے۔
کنسٹرکشن انڈسٹری سے وابستہ افراد کا تو یہ کہنا ہے کہ 15 لاکھ روپے میں گھر بننا بہت مشکل ہے، گرے سٹرکچر بھی تعمیر ہوجائے تو بڑی بات ہے لیکن دوسری طرف کچھ کا کہنا ہے کہ 15 لاکھ روپے میں بی گریڈ مٹیریل سے آپ گرے سٹرکچر پلستر ، دروازوں اور فرش کے بغیر کے کھڑا کرسکتے ہیں جو ایک کمرے،واش روم، کچن پر مشتمل ہو۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/apnahghr11.jpg