
بچے کا اغواکاروں کو چھوڑ کر والدین کے پاس جانے سےانکار، ایک دوسرے سے الگ کرنے پر اغوا کار و بچہ روپڑے
کیا کسی اغوا کار کو مغوی سے یا مغوی کو اغوا کار سے اتنی وابستگی ہوسکتی ہے کہ دونوں الگ ہوتے ہوئے روپڑیں؟ آپ یہ بات سن کر بھی یقین نہیں کریں گے مگر سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو آپ کو اس بات پر یقین کرنے پر مجبور کردے گی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہےجس میں ایک دوسالہ بچہ بازیابی کے بعد اپنے گھر واپس جانے سے انکار کرتا اور ملزم سے الگ ہونے پر روتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جدائی کا یہ غم صرف بچے کو ہی نہیں ہے بلکہ اغوا کار ملزم کا بھی کچھ ایسا ہی حال ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں پیش آیا جہاں 2 سالہ پرتھوی راج کو 33 سالہ ملزم چاہر نے اغوا کیا اور مغوی بچے کے ساتھ دریائے جمنا کے قریب ایک جھونپڑی میں رہنے لگا، ملزم پولیس کا سابق ہیڈ کانسٹیبل تھا اور گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے پولیس کے تجربے کا استعمال کرتا رہا۔
ملزم اکثر بھیس بدل لیتا تھا اور اس نے اس طرح پولیس سے ایک سال تک فرار اختیار رکھی، تاہم 27 اگست کو پولیس نے بالآخر اسے دھر لیا اور بچے کو بازیاب کروالیا، تاہم طویل عرصے تک ملزم کے ساتھ رہنے والے ننھے بچے نے اغوا کار کو چھوڑ کر جانے سے انکار کردیا ۔
جے پور پولیس نے جب بچے کو اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کی تو نا صرف بچے بلکہ اغوا کار نے بھی رونا شروع کردیا، دونوں ایک دوسرے سے گلے لگ کر روتے رہے، پولیس نےا نہیں الگ کیا تو وہ پھر سے ایک دوسرے کے گلے لگ گئے، پولیس کو دونوں کو الگ کرنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور یہ سارے مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگئے جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/viralh11i1.jpg