گزشتہ روز اسرائیل نے حزب اللہ کے سینکڑوں جنگجوؤں کے پیجرز دھماکے سے اڑا دیئے، جس سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق قریباً چار ہزار جنگجو انتہائی بری حالت میں ہسپتالوں میں پڑے ہیں۔ آج اسرائیل نے حزب اللہ پر دوسرا اٹیک کردیا ہے۔ پیجر سے ڈر کر حزب اللہ کے جنگجوؤں نے واکی ٹاکی استعمال کرنا شروع کی، آج سینکڑوں واکی ٹاکیز دھماکے سے پھٹ گئیں اور مزید سینکڑوں حزب اللہ جنگجو بری طرح زخمی ہوگئے۔
اس سے پہلے حزب اللہ کے لوگ آپسی کمیونیکیشن کیلئے نارمل سمارٹ فون استعمال کرتے تھے، جب اسرائیل نے وہ ہیک کرلئے تو حزب اللہ کو مجبوراً پرانی ٹیکنالوجی پر مبنی پیجر استعمال کرنے پڑے تاکہ اسرائیل کی ہیکنگ سے بچا جاسکے۔ اسرائیل مگر ان بھی باپ نکلا، اس نے غالباً پیجرز کی سپلائی چین میں کہیں نقب لگا کر پیجرز کے اندر بارودی مواد نصب کردیا اور جب اس کو ضرورت پڑی اس نے بٹن دبا کر ایک ساتھ حزب اللہ کے ہزاروں جنگجوؤں کی تباہی پھیر دی۔
حزب اللہ کے اب تک کے تمام حربے اسرائیل ناکام بنا چکا ہے، میرا حزب اللہ کو مشورہ ہے کہ یہود و نصاریٰ اور کفار کی تمام ایجادات کے استعمال سے توبہ کرے اور آئندہ سے کمیونیکیشن کیلئے کبوتروں کا استعمال کرنا شروع کردے۔ کبوتروں کو نہ تو کوئی ہیک کرسکتا ہے نہ ہی بٹن دبا کر پھٹ پھٹا سکتا ہے۔ حزب اللہ کے پاس اور کوئی چارہ بھی نہیں۔ مسلمانوں کی جدید دنیا میں کوئی ایجاد تو ہے نہیں، ساری ایجادات تو کافروں نے کررکھی ہیں۔ مسلمانوں کو اپنی اصل کی طرف لوٹنا ہوگا۔ کافروں کی ایجاد کردہ تمام پراڈکٹس کا استعمال ترک کردیں۔ شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں یہی مشورہ دیا ہے۔ ہوسکتا ہے کل کو کافروں کی تیار کردہ کار پھٹ جائے، یا اوون پھٹ جائے، یا فریج، ٹی وی، پنکھا، واشنگ مشین کچھ بھی پھٹ سکتا ہے۔ سب کچھ تو کافروں کے ہاتھ میں ہے۔ مسلمان تو پچھلی چودہ صدیوں سے مذہبی کتابوں میں گھسے ہوئے ہیں اور ابھی تک ایک بھی کام کی چیز ان سے نکال نہیں سکے۔ تو اب ایک ہی حل بچتا ہے۔ کمیونیشن کیلئے کبوتروں کو استعمال کریں، سفر کیلئے گدھے گھوڑے اور خچر استعمال کریں۔ بینکنگ سسٹم کا بھی بائیکاٹ کریں، یہ بھی کافروں کی مٹھی میں ہے اور خرید و فروخت اور ہر قسم کی ٹرانزیکشنز کیلئے کھجوریں، جو اور گندم کو بطور کرنسی استعمال کرکے بارٹر ٹریڈ کیا کریں۔ اگر مسلمان ان ہدایات پر عمل کرکے اپنی اصل کی طرف واپس آگئے تو دنیا بھر کے کفار مل کر بھی مسلمانوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔۔۔۔

- Featured Thumbs
- https://i.ytimg.com/vi/-tnI5BkfWhY/hqdefault.jpg