
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوگئی ہے، دنیا کے کئی بڑے ممالک نے افغانستان سے دہشتگردی کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے79ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈلائن پر پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں روس ، چین اور ایران نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے)، مجید بریگیڈ سمیت دیگر دہشتگرد گروپس کے افغانستان سے آپریٹ کرنے اور پڑوسی ممالک کیلئے خطرے کا سبب بننے کی تصدیق کی ہے۔
چار فریقی اجلاس کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروپس کو پناہ نا دینے کے دعوے کو مسترد کیا گیا اور افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سیکیورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ القاعدہ، داعش، تحریک طالبان پاکستان، مشرقی ترکستان اسلام موومنٹ، جیش العدل، بلوچستان لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ جیسی تنظیموں کے دہشت گرد افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں اور یہ دہشت گرد عالمی و علاقائی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
چاروں ممالک نے ان دہشتگردوں کے خلاف کثیر الجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ طالبان حکومت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور اس حوالے سے اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے۔
اجلاس میں چاروں ممالک کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں مہمان بنانے پر پڑوسی ممالک خصوصا پاکستان اور ایران کو سراہا بھی گیا۔