
حکومت پنجاب کی طرف سے صوبے کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے صنعتی یونٹس قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پریزنرز فائونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 17 واں اجلاس ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے کھانے کے لیے خالص آٹا فراہم کرنے کے لیے آٹا پیسنے والی چکیاں تنصیب کرنے کے بعد اخراجات کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پریزنرز فائونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 17 ویں اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر میاں سالک جلال، کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر، اے آئی جی سٹیبلشمنٹ شاہرام توقیر، لیڈی سپرنٹنڈنٹ جیل امبر نقوی، اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزنر عاصم رضا کے علاوہ اعزازی ممبران جمعیت تعلیم القرآن ٹرسٹ اور قرشی فائونڈیشن شریک ہوئے۔
اجلاس میں صوبہ پنجاب کی 5 سینٹرل جیلوں ملتان، بہاولپور، ساہیوال، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں ٹف ٹائل انڈسٹری قائم کرنے کے لیے جدید مشینیں خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔ ملتان سینٹرل جیل میں قیدیوں کی تربیت کرنے اور انہیں مختلف ہنر سکھانے کے لیے واشنگ پائوڈر یونٹ لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ جیل شاہپور میں نہانے کا صابن تیار کرنے کا یونٹ اور شیخوپورہ ڈسٹرکٹ جیل میں ایل ای ڈی لائٹس تیار کرنے کا یونٹ ومرمت کیلئے ورکشاپ قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی سینٹرل جیل میں فینائل تیار کرنے اور گوجرانوالہ سینٹرل جیل میں برتن سازی کا یونٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب کی سینٹرل جیلوں میں ان انڈسٹریز کی تنصیب کا عمل 1 مہینے میں مکمل کیا جائے گا جس کا مقصد قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانا ہے جبکہ تیار کی گئی مصنوعات مارکیٹ میں سیل ہونے پر قیدیوں کو منافع میں سے حصہ دیا جائیگا۔ محکمہ جیل خانہ جیت وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت قیدیوں کو ہنرمند بنانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار کما کر جرائم کی دنیا کو چھوڑ سکیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16punjajaislsantiuinit.png