
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے آئینی ترامیم کی مخالفت میں بھرپور مزاحمت کا عزم کرتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئینی ترمیم اور بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ہونے والے بدسلوکی کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں ریجنل اور مقامی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی ہیڈکوارٹرز کے باہر نماز جمعہ کے بعد پُرامن اور منظم احتجاج کریں، اجلاس میں دونوں ایوانوں میں ترمیم کا راستہ روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو مسخ کرنے کی حکومتی کوششیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، اعلامیہ میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے تمام افراد کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
سیاسی کمیٹی نے عمران خان کے بنیادی حقوق کی بحالی کے ساتھ ساتھ عمران خان کی بہنوں، اعظم سواتی، انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ اور تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سمیت تمام گرفتار رہنماؤں، کارکنوں اور اراکینِ پارلیمان کی فوری رہائی پر بھی زور دیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16ptiikkaehtjajjsjhs.png