
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معیشت کی 14 ماہ میں بحالی پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے معاشی اصلاحات کے اپنے ایجنڈے پر آئی ایم ایف کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر پاکستان کا اپنا ہے، جس میں آئی ایم ایف صرف معاونت فراہم کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق امریکا میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک، ورلڈ بینک، اور آئی ایم ایف سمیت متعدد مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، چین، ترکیہ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خزانہ کے ساتھ بھی مثبت مذاکرات کیے گئے۔ ان ملاقاتوں میں گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں معیشت نے درست سمت میں سفر شروع کیا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جو 38 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد تک آگئی ہے۔ اسی بنیاد پر پالیسی ریٹ بھی 22 فیصد سے گھٹ کر 15 فیصد پر آگیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب ہمیں یہی کہہ رہے ہیں کہ آپ نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، اب اس کو مزید بہتر کریں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گی اور مقررہ اہداف کے حصول پر توجہ دے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم جلد عوام کے سامنے معاشی روڈ میپ پیش کریں گے، جس سے مزید ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ معیشت کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات ملک کے مفاد میں ہوں گے اور حکومت اپنی اصلاحاتی حکمت عملی پر قائم رہے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2imfhairaaannhy.png